ایک لاکھ سے زیادہ طالب علم اے ایم پی پانچویں ٹیلنٹ 2024 مسابقتی امتحان میں شریک ہوں گے
ٹاپ پانچ سو کالج کے طلباء کو 20 سے بھی زیادہ مہینوں تک ٹریننگ پارٹنرس کی طرف سے 10 کروڑ روپئے تک کا اسکالرشپ دیا جائے گا
لازوال ڈیسک
پٹنہ ؍؍ایسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلز (اے ایم پی) سنیچر، 7 دسمبر 2024 کو اسکول اور کالج کے طلباء کے لیے اپنا پانچواں سالانہ نیشنل ٹیلنٹ سرچ امتحان (اے ایم پی-این ٹی ایس 2024) منعقد کریگا۔ نیشنل ٹیلنٹ سرچ امتحان کا مقصد طلباء کی عمومی آگاہی، مسابقتی جذبہ بیدار کرنا اور قومی مسابقتی امتحانات کے لیے بہترین اور ذہین طلبا کی شناخت کرنا اور ان کی مدد کرنا ہے۔اے ایم پی – نیشنل ٹیلینٹ سرچ امتحان 2024 کے لیے خصوصی طور پر ڈیزائن کیے گئے پوسٹر کو آج آڈیٹوریم، آرکیڈ بزنس کالج، پٹنہ میں ایک عظیم الشان تقریب میں لانچ کیا گیا، جہاں 200 سے زیادہ با اثر افراد جیسے سماجی اور کمیونٹی لیڈرز، پروفیشنلز، پالیسی ساز، ریٹائرڈ بیوروکریٹس اور دیگر موجود تھے۔
https://urdu.siasat.com/news/%D8%A7%DB%92-%D8%A7%DB%8C%D9%85-%D9%BE%DB%8C-%D9%86%DB%8C%D8%B4%D9%86%D9%84-%D9%B9%DB%8C%D9%84%D9%86%D9%B9-%D8%B3%D8%B1%DA%86-2022-%D8%8C-%D8%A7%D8%B3%DA%A9%D9%88%D9%84%D8%8C-%D8%AC%D9%88%D9%86%DB%8C-1418933/
فاروق صدیقی، سربراہ – اے ایم پی نیشنل کوآرڈینیشن ٹیم نے معززین، مہمانوں اور طلباء کا استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اے ایم پی این ٹی ایس کا مقصد ملک کے چھوٹے شہروں سے کامیابی حاصل کرنے والوں کو تیار کرنا ہے اور سامعین کو بتایا کہ این ٹی ایس 2023 میں 90 فیصد ٹاپ رینکرز ٹائر 2 اور 3 شہروں سے تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سال اے ایم پی این ٹی ایس 2024 ہندوستان کے تمام اقلیتی اضلاع میں 1000 بلاکس تک پہنچنے کا ارادہ رکھتا ہے اور بہت سے سنگ میل حاصل کرنے کا پابند ہے۔
ڈاکٹر سید شاہ شمیم الدین احمد منیمی، سینئر پروفیسر اور ایچ او ڈی عربی ڈپارٹمنٹ، اورینٹل کالج، پٹنہ، جو اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے، نے کہا کہ "ایسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلز نے واقعی ملک میں ایک تعلیمی انقلاب برپا کر دیا ہے۔ ان کا عزم اور توجہ مثالی ہے۔ انہوں نے اپنی بہت سی سرگرمیوں کے ذریعے بے شمار پسماندہ زندگیوں کو چھو لیا ہے اور میں ان کے نیشنل ٹیلنٹ سرچ 2024 مقابلے کے پانچویں ایڈیشن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
محمد اشفاق سر، ڈائریکٹر-گریویٹی کلاسز اور لیڈ پارٹنر – اے ایم پی این ٹی ایس، نے کہا کہ جب اے ایم پی نے ان کے نیشنل ٹیلنٹ سرچ امتحان کے لیے ان کے تعاون کے لیے ہم سے رابطہ کیا، تو ہم نے ان کی تجویز سے اتفاق کیا کیونکہ ہمیں ان کے وڑن پر یقین تھا۔ ہم سب کو ملک بھر میں خاص طور پر چھوٹے شہروں اور قصبوں میں اس ٹیلنٹ کی تلاش کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ استفادہ کر سکیں، کیونکہ ان طلباء کا آئی کیو لیول بڑے شہروں کے برابر ہے، اور وہ جو طلبہ نویں جماعت سے تربیت شروع کرتے ہیں ان کے کامیاب ہونے کی شرح زیادہ ہوتی ہے۔
ڈاکٹر عبدالقدیر، ڈائریکٹر اور بانی – شاہین ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے کہا کہ اے ایم پی پورے ہندوستان میں تعلیم میں اپنے بہترین کام کے لیے جانا جاتا ہے اور ہم نے قومی ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے ان کے ساتھ تعاون کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس سال ہم اے ایم پی این ٹی ایس 2024 کے ذریعے کامن یونیورسٹی انٹری ٹیسٹ (CUET) کے لیے بھی طلباء کا انتخاب کریں گے، جو کہ 450 یونیورسٹیوں کے لیے ہے۔
محمد ریاض عالم، اے ایم پی اسٹیٹ ہیڈ، بہار اور اس پروگرام کے محرک نے اس پروگرام کی کامیاب میزبانی کی اور سامعین کو بتایا کہ آج کے پروگرام سے اے ایم پی این ٹی ایس – 2024 کے لیے طلباء کے رجسٹریشن کا آغاز کرنا مقصود تھا۔
اے ایم پی این ٹی ایس 2024 امتحان تین زمروں کے طلباء کے لیے منعقد کیا جائے گا: سینئر/ڈگری کالجز (انڈرگریجویٹس) جونیئر کالجز (11ویں اور 12ویں جماعت)، اسکول (آٹھویں، نویں اور دسویں جماعت)۔اس سال ہندوستان بھر کے 600سے زائد اضلاع سے 8,000سے زائد اسکولوں اور 2,000سے زائد کالجوں کے 1 لاکھ سے زائد طلبہ کی شرکت متوقع ہے۔ اس سال، یہ مقابلہ آف لائن فزیکل موڈ میں ملک بھر کے 400سے زائد اضلاع کے 1000 امتحانی مراکز میں منعقد کیا جائے گا۔ اے ایم پی ورلڈ موبائل ایپ پر ان لوگوں کے لیے ایک آن لائن ورژن بھی دستیاب ہو گا جو ذاتی طور پر حاضر ہونے سے قاصر ہیں۔
سرفہرست 500 طلباء کو آئی آئی ٹی،جے ای ای ،نیٹ کوچنگ اسکالرشپس (پچاس سے سو فیصد کے درمیان) دی جائیں گی جن کی مالیت 10 کروڑ روپے ہے۔ یہ ملک کے 20سے زائد ٹریننگ مراکز جے ذریعے دی جائیں گی۔ اس کے علاوہ نیشنل ٹیلنٹ سرچ امتحان کیں شرکت کی ترغیب دینے کے لیے پانچ لاکھ سے زائد نقد اور indiazakat.com کیتوسط سے 20+ لاکھ روپئے مالیت کے تعلیمی وظائف کراؤڈ فنڈنگ پلیٹ فارم کے ذریعے دیے جائیں گے۔
اس مقابلے کی انفرادیت یہ ہے کہ اسکول، کالج، این آئی او ایس، آئی ٹی آئی، ڈپلومہ طلباء کے ساتھ، یہاں تک کہ 13 سے 15 سال کی عمر کے مدارس کے طلباء بھی نیشنل ٹیلنٹ سرچ میں حصہ لے سکتے ہیں۔یہ امتحان پورے ملک میں ایک ساتھ بروز سنیچر 7 دسمبر 2024 صبح 11 بجے سے لیا جائے گا اس مقابلے میں رجسٹریشن کی آخری تاریخ منگل، 26 نومبر 2024 ہے۔ اس امتحان کے تعلق سے مزید تفصیلات درج ذیل ویب سائٹ (لنک) سے حاصل کی جاسکتی ہے۔www.AMPindia.org/National_talent_search۔اے ایم پی نیشنل ٹیلنٹ سرچ 2024 کا پروموشن لانچ اس مثبت فکر پر اختتام پذیر ہوا کہ تمام حاضرین نے امتحان سینٹرس بنانے اور زیادہ سے زیادہ طلبہ تک پہنچنے اور ان کا رجسٹریشن کرانے کی کوششوں کا عہد کیا۔ مقامی بہار کی اے ایم پی ٹیم نے اس پروگرام کے کامیاب انعقاد میں اپنا بھرپور تعاون دیا۔