لازوال ویب ڈیسک
سری نگر، // جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کو پہلی بار منعقد ہونے والی کشمیر میراتھن کے فاتحین کو اعزاز سے نوازا۔
قابل ذکر ہے کہ 42 کلومیٹر کی مکمل میراتھن اور 21 کلومیٹر کی ہاف میراتھن میں پورے ملک اور 12 بیرونی ممالک سے 1700 سے زائد رنرز نے حصہ لیا۔ اس دوران اپنے خطاب میں مسٹر سنہا نے تمام جیتنے والوں اور شرکاء کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کشمیر میراتھن کی شاندار کامیابی کے لیے محکمہ سیاحت، جموں و کشمیر پولیس، سیکورٹی فورسز، یوتھ سروسز اور اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیاب میگا ایونٹ نے جموں و کشمیر کو دنیا کے میراتھن کے نقشے پر لا کھڑا کیا ہے۔
https://jkrajbhawan.nic.in/
اس موقع کو جموں و کشمیر کے لیے ایک اور تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے ریاست کی مکمل تبدیلی کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا، "وزیر اعظم کی فیصلہ کن قیادت اور جموں و کشمیر میں امن اور معمول کی بحالی نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ لوگ بین الاقوامی کرکٹ میچوں، فارمولا 4 ریسوں اور جی-20 سربراہی اجلاس اور بین الاقوامی یوگا ڈے جیسے عالمی پروگراموں کی میزبانی کرکے فخر محسوس کرسکیں۔” انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں سیاحوں کی ریکارڈ آمد جموں و کشمیر میں امن، ترقی اور خوشحالی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
کشمیر میراتھن میں وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ بھی شامل
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ بہت جلد کشمیر میراتھن کی طرز پر جموں میراتھن کا انعقاد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مثالی آب و ہوا، بھرپور ثقافتی ورثہ، گرم جوشی اور قدرتی حسن کے ساتھ جموں و کشمیر بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کے لیے ایک پسندیدہ مقام کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں سری نگر اور جموں میں منعقد ہونے والے بڑے رننگ ایونٹس پوری دنیا سے رنرز کو اکٹھا کریں گے اور سیاحت کو فروغ دیں گے۔