ڈاکٹر محمد تنویر مظہر کی کتاب ’’حبیب تنویر : سراپا تھیٹر‘‘ کی رسم رونمائی
رانچی :انجمن فروغ اردو اور کل ہند مجلس فلاح المسلمین کے زیر اہتمام مشترکہ طور پر محفل مشاعرہ کا انعقاد رانچی کے ہوٹل سرتاج مین روڈ میں کیاگیا۔ اس مشاعرے میں مہمان خصوصی کے طور پر ممبئی سے تشریف لائے جناب ڈاکٹر ساغر ترپاٹھی اور مئوناتھ بھنجن یوپی سے تشریف لائے مشہور نعت خواں قاری تابش ریحان شریک ہوئے۔پروگرام کی صدارت مولانامشرف جمال قاسمی نے فرمائی اور مشاعرے کی نظامت کے فرائض نہال سریاوی نے انجام دیئے ۔ مہمان ذی وقار کے طور پر رانچی شہر کے مشہور عالم دین اور سماجی کارکن جناب مولانا سید تہذیب الحسن رضوی موجود تھے۔
https://ngodetails.com/india/himachal-pradesh/anjuman-farogh-e-urdu/
پروگرام کا باقاعدہ آغاز قاری محمد عارف کے تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد نعتیہ کلام قاری تابش ریحان نے پیش کیا۔ اس مشاعرے میں شعرا کا استقبال انجمن فروغ اردو کے صدر محمد اقبال نے کیا۔ اس کے بعد انجمن فروغ اردو کے سکریٹری ڈاکٹر محمد غالب نشتر نے انجمن فروغ اردو کا تعارف ، لائحۂ عمل اور کارگزاری پیش کی۔
اس پروگرام میں ڈاکٹر محمد تنویر مظہر (اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی یونیورسٹی ) کی کتاب ’’حبیب تنویر : سراپا تھیٹر‘‘ کی رسم رونمائی بھی عمل میں آئی۔
مشاعرے میں رانچی شہر اور آس پاس کے علاقوں سے مختلف شعرائے کرام شریک ہوئے۔ ہارون خمار ، نصیر افسر، دلشاد نظمی ،سہیل سعید ، عزیر حمزہ پوری ، قدرت اللہ قدرت ، طبیب احسن تابش ، شہاب حمزہ، عارش نظام، ذیشان التمش اور تسمیہ آفرین نے اپنے کلام سے شرکا کو محظوظ کیا ۔
ڈاکٹر ساغر ترپاٹھی ملک کے جانے مانے شعرا میں سے ایک ہیں جن کا تعلق حسینی برہمن سے ہے۔ آپ کے غزلوں کے کئی مجموعے اور نعتیہ کلام کا ایک مجموعہ شائع ہوکر منظر عام پر آچکا ہے۔ آپ نے شہدائے کربلا پر بھی اشعار اور نظمیں لکھی ہیں۔ آج کے مشاعرے میں انہوں نے اپنے نعتیہ کلام اور غزلوں کے نمونے پیش کرکے خوب داد و تحسین وصول کی۔ دوسرے مہمان شاعر قاری تابش ریحان کا تعلق مئوناتھ بھنجن یوپی سے ہے ۔ آپ ایک اچھے نعت خواں ہیںاور ملک اور بیرون ملک میں اپنی پُر تاثیر اور شعلہ بیاں آواز کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں۔ آج کے مشاعرے میں انہوں نے ایک نعت اور چند قطعات پیش کر کے سامعین کا دل جیتا۔ انجمن فروغ اردو نے مہمانان اور شعرائے کرام کو مومینٹو، شال اور اسناد دے کر عزت افزائی کی۔شکریے کی رسم مولانا سید تہذیب الحسن رضوی نے ادا کی۔
مجلس استقبالیہ میں جنہوں نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں دل جمعی کے ساتھ کام کیا ان میں ڈاکٹر محمد مکمل حسین، ڈاکٹر عبد الباسط، ڈاکٹر شگفتہ بانو، محمد دانش ایاز ،محمد ارشد جمال، ڈاکٹر تنویر مظہر، طیبہ آفرین، محمد اقبال، رازدہ خانم، مکرم حیات، قاری عارف، معراج الدین، سرفراز عالم قادری، منصور عالم، شعیب اختر، مجیب الرحمن، الطاف راجا، مہتاب عالم، گلناز ترنم، عالیہ تبسم، ناصرین کوثر وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔ کل ہند مجلس فلاح المسلمین کے نمائند ے کے طور پر مولانا محمد ارشد اورمولانا مشرف جمال قاسمی موجود تھے۔