ہریانہ میں بی جے پی کی ہیٹ ٹرک، کانگریس کو جھٹکا

0
29

48 سیٹوں پر واضح اکثریت ؛ بی جے پی ہیڈ کوارٹر میں جشن کا ماحول؛وزیر اعظم سمیت کئی مرکزی وزرا ہیڈ کوارٹر پہنچے

لازوال ویب ڈیسک

نئی دہلی؍؍بھارتیہ جنتا پارٹی نے ہریانہ کے انتخابی مہابھارت میں حکومت مخالف لہر کے حوالے سے سیاسی پنڈتوں کی پیشین گوئیوں کو ٹھکراتے ہوئے تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مسلسل تیسری بار جیت حاصل کی۔اس بار، بی جے پی، جس نے پچھلی اسمبلی میں ریاست میں مخلوط حکومت چلائی، 90 رکنی اسمبلی میں 48 سیٹوں پر واضح اکثریت حاصل کرکے دس سال بعد اقتدار میں واپسی کے اہم اپوزیشن کانگریس کے منصوبوں کو خاک میں ملا دیا۔ براہ راست مقابلے میں بی جے پی نے کانگریس کو شکست دی اور کانگریس صرف 37 سیٹوں تک ہی پہنچ سکی۔

https://results.eci.gov.in/
سال 2019 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو 40 اور کانگریس کو 31 سیٹیں ملی تھیں۔کچھ عرصہ قبل بی جے پی سے اتحاد توڑ کر الیکشن لڑنے والی جن نائک جنتا پارٹی اس بار اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکی، جبکہ گزشتہ انتخابات میں پارٹی کو 10 سیٹیں ملی تھیں۔ انڈین نیشنل لوک دل کو اس بار دو سیٹیں (ڈبوالی اور رانیہ) ملی ہیں۔ آزاد امیدواروں نے گنور، بہادر گڑھ اور حصار تین سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
ہریانہ کے نتائج سے کانگریس حیران نظر آئی، پارٹی نے ان نتائج کو غیر متوقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں قبول نہیں کیا جاسکتا۔ کانگریس کے چیف ترجمان جے رام رمیش اور پون کھیڑا نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہریانہ میں پارٹی سے جیت چھین لی گئی ہے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) میں بے ضابطگیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی اس کے خلاف الیکشن کمیشن سے پورے حقائق کے ساتھ رجوع کرے گی۔
بی جے پی نے اپنی جیت کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اس کی حکومت کی دس سالہ گڈ گورننس اور محنت کا نتیجہ ہے۔ بی جے پی لیڈر انل وج نے کہا کہ یہ نتائج پوری طرح سے متوقع ہیں۔عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ ہریانہ کے انتخابات ایک سبق سکھاتے ہیں کہ کسی کو زیادہ اعتماد نہیں ہونا چاہئے۔ پارٹی لیڈر اور دہلی کے وزیر گوپال رائے نے کہا کہ ہم پہلے ہی محسوس کر رہے تھے کہ ایگزٹ پول کے تخمینے زمینی حقیقت سے میل نہیں کھاتے۔
وہیںبھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ہریانہ میں تیسری بار حکومت بنانے جا رہی ہے۔ ہریانہ کی 90 اسمبلی سیٹوں میں سے بی جے پی نے 48 سیٹیں جیتی ہیں۔ ہریانہ میں ہیٹ ٹرک کرنے کے بعد منگل کی شام سے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی ہیڈکوارٹر میں جشن کا ماحول ہے۔ وزیر داخلہ امت شاہ، پارٹی صدر جے پی نڈا، راج ناتھ سنگھ جیت کی تقریب میں شرکت کے لیے ہیڈ کوارٹر پہنچ گئے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کارکنوں سے خطاب کریں گے۔ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی اچھی کارکردگی کے بعد مودی اکثر پارٹی ہیڈکوارٹر پہنچ کر کارکنوں سے خطاب کرتے ہیں۔
وجے اتسو کے لیے ہیڈ کوارٹر میں بہت سی تیاریاں کی گئی ہیں۔ صبح کے اندوہناک منظر کے بعد دوپہر میں بی جے پی ہیڈ کوارٹر میں اچانک موسم بدل گیا۔ تمام کارکنوں کے چہرے کھل اٹھے۔ بی جے پی کے جنرل سکریٹری ونود تاوڑے، قومی ترجمان سدھانشو ترویدی، راجیہ سبھا ممبر انیل بلونی اور پارٹی کی دہلی یونٹ کے صدر وریندر سچدیوا ایک دوسرے کو مٹھائی کھلاتے ہوئے دیکھے گئے۔ اس کے بعد پارٹی ہیڈ کوارٹر میں تقریبات شروع ہو گئیں

https://lazawal.com/?page_id=182911/

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا