جب صدر جمہوریہ اپنی مرضی سے ارکین کو نامزد نہیں کر سکتا ہے تو لیفٹیننٹ گورنر کیسے کرسکتا ہے: طارق قرہ
سری نگر؍؍جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی سے ایک روز قبل جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق قرہ کا سوال کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب صدر جمہوریہ اپنی مرضی سے ارکین کو نامزد نہیں کر سکتا ہے
تو لیفٹیننٹ گورنر کو ایسے اختیارات کیسے ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا: ’’میرے خیال میں لیفٹیننٹ گورنر کو اپنی مرضی سے ارکین نامزد کرنے کے اختیارات دینا غیر آئینی اور غیر جمہوری ہیں‘‘۔موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار پیر کو یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دینے کے دوران کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر کو پانچ سیٹوں کو نامزد کرنے کے اختیارات کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ’’جہاں تک پانچ سیٹوں کا تعلق ہے تو لیفٹیننٹ گورنر کو اپنی مرضی سے نامزد کرنے کے اختیارات دئے گئے ہیں حالانکہ آئین میں واضح ہے کہ صدر جمہوریہ کو بھی اگر راجیہ سبھا میں اراکین نامزد کرنے ہوں تو وہ بھی اپنی مرضی سے نہیں کرسکتے ہیں انہیں بھی کیبنٹ کی سفارش پر ایسا کرنا پڑتا ہے‘‘۔انہوں نے کہا: ’’ایل جی کو اپنی مرضی سے اراکین نامزد کرنے کے اختیارات دئے گئے ہیں میرے حساب سے یہ غیر آئینی اور غیر جمہوری ہے‘‘۔ان کا کہنا تھا: ’جب صدر جمہوریہ ایسا نہیں کرسکتا ہے تو ایل جی کیسے کرسکتا ہے‘۔
ایگزٹ پول کے بارے میں پوچھے جانے پر مسٹر قرہ نے کہا: ’’ایگزٹ پول اپنی جگہ ٹھیک ہیں لیکن ہمیں امید ہیں کہ ایگزیکٹ پول اس سے بہتر ہوں گے‘۔انہوں نے کہا: ’کہیں ایگزٹ پولز صحیح ثابت ہوتے ہیں تو کہیں غلط بھی ثابت ہوسکتے ہیں تاہم ہم ایگزٹ پول سے زیادہ ایگزیکٹ پول میں یقین رکھتے ہیں‘‘۔طارق قرہ نے امید ظاہر کی کہ الائنس کامیاب ہوگی اور ایگزٹ پول سے بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔پی ڈی پی کے الائنس کے ساتھ رابطہ ہونے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ’’ہر شخص اور پارٹی کے لئے ہمارے دروازے کھلے ہیں جو بی جے پی کو اقتدار سے باہر رکھنا چاہتے ہیں‘‘۔