یواین آئی
سری نگر؍؍ ایک اور بڑی حصولیابی اور پیش رفت میں متحدہ عرب امارات کے دبئی میں کھیلے جانے والے خواتین ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں حصہ لینے والے کھلاڑی کشمیر میں بید کی لکڑی سے تیار ہونے والے کرکٹ بلے استعمال کر رہے ہیں۔یہ بلے یہاں جی آر 8 اسپورٹس انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ نامی کارخانے میں بنائے جاتے ہیں۔
جمعہ کے روز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچ میں ویسٹ انڈیز کے تین بین الاقوامی کھلاڑیوں کیانا جوزف، زیدہ جیمز اور عالیہ نے جی آراسپورٹس ک کرکٹ بلے اور دیگر گیئرز استعمال کئے۔تاہم اس میچ میں ویسٹ انڈیز کی شمیلہ کونل نے بیٹنگ نہیں کی کیونکہ ان کی ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 118 رن اسکور کئے۔
http://www.uniurdu.com/
ویسٹ انڈیز کی شاندار اوپنر کیانا جوزف جی آر 8 اسپورٹس میں تیار کردہ کشمیر بید کے بلیڈ کو لے کر میدان میں اتری جو جی آر8 اسپورٹس اور خطے دونوں کے لیے ایک اور اہم سنگ میل ہے۔گذشتہ تین مردوں کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپز میں کئی بین الاقوامی کرکٹ کھلاڑیوں نے جی آر 8 کرکٹ کے بلے اور دیگر گیئرز استعمال کئے۔
سال رواں کے چارجون کو عمان کے دو بین الاقوامی کھلاڑیوں نے نمیبیہ کے خلاف میچ میں جی آر 8 کے بلے اور دیگر گیئرز استعمال کئے۔جی آر 8 اسپورٹس کے منیجنگ ڈائریکٹر فوازالکبیر نے یو این آئی کو بتایا: ’مستقبل قریب میں بین الاقوامی سطح کے مزید کھلاڑیوں کو ہمارے کرکٹ بلوں اور دیگر گیئرز سے کھیلتے ہوئے دیکھا جائے گا‘۔
جی آر8 اسپورٹس انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کشمیر کا واحد آئی سی سی منظور شدہ برانڈ ہے اور اس کے بلے دنیا بھر کے کئی بین الاقوامی کرکٹرز استعمال کر رہے ہیں۔کبیر نے کہا: ’یہ جی آر 8 اسپورٹس اور کشمیر میں تیار ہونے والے بید کے کرکٹ بلوں کے لئے ایک اور تاریخی دن ہے، ہم اس منفرد لکڑی کے فروغ کے لئے انتھک کوشش کر رہے ہیں جو کشمیر کے ورثے اور مثالی دستکاری کی علامت ہے‘۔
انہوں نے کہا: ’خواتین کھلاڑیوں کے لئے تیار کئے جانے والے بلوں کے جدید تکینکی اور طریقہ کار کے ذریعے کئی ٹیسٹ کئے گئے‘۔ان کا کہنا تھا: ’ہماری کمپنی کی توجہ تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ دستکاری کو ملانے پر مرکوز رہتی ہے تاکہ اعلیٰ معیار کے مصنوعات کو وجود میں لایا جا سکے‘۔موصوف ڈائریکٹر نے کہا: ’جنوبی کشمیر کے سنگم سے اونتی پورہ تک کم سے کم چار سو بیٹ منی فیکچرنگ یونٹ قائم ہیں اور جی آر 8 اسپورٹس ان تمام یونٹوں کی نمائندگی کرتا ہے‘۔انہوں نے کہا: ’ہمیں کرکٹ بیٹ انڈسٹری میں اپنا منفرد نام بنانے پر فخر ہے اور ہم کرکٹروں کو اعلیٰ معیار کے بلے اور دیگر گیئرز فراہم کرنے کے لئے پْر عزم ہیں‘۔ان کا کہنا تھا کہ ہم بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے اثر و نفوذ کو مرتسم کرنے کے لئے محنت کرتے رہیں گے۔