گلشن زبیدہ شکاری پور میں جشن عیدمیلاد النبی ؐ

0
77

سیرت النبیؐ وہ آئینہ ہے جس میں دیکھ کر ہم اور ہمارے بچے اپنے آپ کو سدھارسکتے ہیں۔ ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی

لازوال ویب ڈیسک

https://www.rekhta.org/poets/hafiz-karnataki/profile

آج بروز بدھ ۱۸؍ستمبر۲۰۲۴ئ؁ کو گلشن زبیدہ شکاری پورکے طلباء نے شاندار یوم میلادالنبی ؐ کا جلسہ منعقد کیا۔ اس جلسے کی سب سے خاص بات یہ تھی کہ پروگرام کی تیاری اور اس کی ترتیب و تنظیم اور اس کی نظامت، اور استقبالیہ سب کچھ طلبانے انجام دیا۔ اور اس منظم انداز میں پروگرام کو انجام تک پہونچایا کہ سبھوں نے ان کی قابلیت کی تعریف کی اس موقع سے بچوں کے انعامی تقریری مقابلے اور نعتیہ مقابلے بھی منعقد کیے گئے، اس جلسے کی صدارت کے فرائض ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی نے اداکیے۔ مہمانان گرامی کی حیثیت سے ڈاکٹر آفاق عالم صدیقی، مفتی اظہرالدّین ازہرندوی نے شرکت کی جبکہ اساتذہ میں جناب نصراللہ میرمعلم، ماسٹر محمد سہیل، حافظ ناصر صاحب، امام و خطیب، مولانا عبدالرزاق صاحب امام و خطیب، محترمہ صبیحہ پروین، اور محترمہ صالحہ کے علاوہ بھی کئی معلمات نے شرکت کی۔

طلباکی تعداد قابل لحاظ تھی اور ان کا ذوق شوق دیکھنے لائق تھا۔ ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ؛ عید میلاد النبیؐ کی چھٹی اکثر اسکولوں میں اس طرح منائی جاتی ہے کہ بچے اور اساتذہ گھر چلے جاتے ہیں، یہ اچھی بات نہیں ہے، عیدمیلاد النبیؐ کو ایک عید کی طرح مناناچاہیے۔ اسکولوں اور مدارس میں سیرت النبیؐ کا جلسہ منعقد کرنا چاہیے۔بچوں کو حضورﷺ کی سیرت مبارکہ سے واقف کرانا چاہیے۔ یہ بات طلبا کے ذہن نشین کرادینا چاہیے کہ اسلام دنیاکاواحدمذہب ہے جس کی پہلی وحی پڑھنے کے نام سے نازل ہوئی۔ یعنی پڑھنا لکھنا، اور تعلیم و تربیت حاصل کرنا اسلامی تعلیمات کے بنیادی مقاصد میں سے ایک ہے۔ اس موقع سے فائدہ اٹھاکر اسی طرح بچوں میں جوش اور امنگ پیدا کرنا چاہیے تا کہ وہ سیرت النبیؐ سے متعلق مختلف موضوعات پر تقریریں یادکریں۔ حضورﷺ کی مدحت کے لیے نعتوں کا نذرانہ پیش کریں۔ اس سے بچوں کی زبان درست ہوگی۔ ان کے اخلاق بہترین ہوں گے ان کی کردار سازی ہوگی، بچوں میں سیرت النبیؐ کو اپنانے کا جذبہ پیداہوگا۔ جب تک بچوں کی زبان شستہ اور شگفتہ نہیں ہوگی ان کا علم مکمل نہیں ہوگا۔ اور سب سے اہم کام یہ ہوگا کہ عیدمیلاد النبیؐ کے نام سے گلیوں اور محلوں میں جوغیر اسلامی طریقے اپنائے جاتے ہیں ان سے بچے محفوظ رہیں گے، سچ یہ ہے کہ سیرت النبیؐ ہی وہ آئینہ ہے جس میں دیکھ کر ہم اور ہمارے بچے اپنے آپ کو سدھارسکتے ہیں۔ اس لیے اس روشن آئینے کی ہم کو ہر طرح حفاظت کرنی چاہیے۔
اخیر میں انہوں نے بچوں کی صلاحیتوں، قابلیتوں کو سراہا، انہیں مبارکباد دی اور ان بچوں کی رہبری کرنے والے اساتذہ کی بھی تعریفیں کیں۔ حافظ ناصر صاحب نے اپنے خطاب میں کہا کہ؛ اللہ کے رسولﷺ بچوں سے بہت محبت کیا کرتے تھے۔ ہمیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ بچے بھی اپنے پیارے نبیﷺ سے بے اندازہ محبت کرتے ہیں۔ اگر آپ لوگوں کے دلوں میں اللہ کے رسولﷺ کی محبت اسی طرح روشن رہی تو انشاء اللہ آپ دین ودنیا میں بڑی ترقی کریں گے۔
مولانا اظہرندوی صاحب نے کہا کہ؛ آپ سبھی بچوں کے ذوق و شوق اور قابلیت ولیاقت کو دیکھ بڑی خوشی ہوئی، آپ حضرات نے یہ بہت اچھا کام کیا کہ عید میلاد النبیؐ کے موقع سے سیرت مبارکہ پر جلسہ منعقد کیا۔ اور سیرت مبارکا مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈال کر یہ ثابت کر دیا کہ آپ کو سیرت النبیؐ کے مطالعے کا شوق ہے۔ اللہ آپ کے اس ذوق و شوق کو سلامت رکھے۔
میر معلم جناب نصراللہ صاحب نے کہا کہ؛ مجھے آپ حضرات کے اس کامیاب جلسے اور تقریری مسابقے اور نعتیہ مقابلے سے دوگنی خوشی ہوئی۔ مجھے احساس ہوا کہ میرے اساتذہ نے واقعی خلوص اور محنت سے کام کیا ہے۔ اور یہ احساس اوربھی زیادہ مسرت انگیز ثابت ہوا کہ میرے اسکول کے بچوں اور بچیوں میں اللہ کے فضل سے اتنی صلاحیت اور قابلیت ہے کہ وہ ہر طرح کے پروگرام خود اعتمادی کے ساتھ منعقد کرسکتے ہیں۔ اللہ آپ لوگوں کی صلاحیتوں میں مزید ا ضا فہ کرے۔
اس پروگرام کا باضابطہ آغاز عفیفہ..کی قرأت اور عرفہکی نعت سے ہوا۔ استقبالیہ تقریر .شمع پروین.نے پیش کی، اور اچھی بات یہ رہی کہ اس موقع سے جن طلباء نے تقریریں کیں انہوں نے بہت اہم موضوعات کا انتخاب کیا اور نہایت عمدگی سے مواد کو سمیٹ کر اپنی بات کو عمدگی سے پیش کیا۔ بچوں نے بیشترحافظ کرناٹکی کی نعتیں پیش کیں۔ ان کے پڑھنے کا انداز ان کا تلفظ اور طرز اتنا دلکش تھا کہ سامعین مبہوت ہوکر رہ گئے۔ تقریر پر میں پہلا انعام عفیفہ بانو نے حاصل کیا جبکہ دوسراانعام میناز نے حاصل کیا تیسرا انعام شمع پرو ین اور سعدیہ نے مشتر کہ طور پر حاصل کیا نعتیہ مقابلے میں پہلا انعام عرفہ اور محمد صفوان نے مشترکہ طور پر حاصل کیا جبکہ دوسرا انعام صفیہ ایمن نے حاصل کیا اور تیسراانعام عالیہ نے حاصل کیا۔
اس جلسے کی نظامت کے فرائض گلشن زبیدہ کی ساتویں جماعت کی طالبہ عفیفہ نے ادا کیے۔ یہ نہایت دلچسپ اور معلومات افزا پروگرام حافظ محمد ناصر صاحب کے شکریہ کے ساتھ اختتام کو پہونچا۔
http://LAZAWAL.COM

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا