لازوال ویب ڈیسک
سری نگر، // پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کا کہنا ہے کہ انجینئر رشید کو پارلیمنٹ سیشن کے دوران رہا کیا جانا چاہئے تھا تاکہ وہ اس وقت عوام کی بات کرسکتے انہوں نے کہا کہ ان کو آج الیکشن کے دوران اس لئے رہا کیا گیا ہے تاکہ وہ لوگوں سے ووٹ مانگ سکیں موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے وچھی علاقے میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
انجینئر رشید کی عبوری ضمانت کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا: ‘کاش انجینئر صاحب کو پارلیمنٹ سیشن کے دوران رہا کیا جاتا تاکہ وہ اس وقت لوگوں کی بات کرسکتے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘آج ان کو الیکشن کے دوران رہا کیا گیا تاکہ وہ لوگوں سے ووٹ مانگ سکیں’۔
انہوں نے کہا: ‘ان کی رہائی اچھی بات ہے لیکن میں چاہتی ہوں کہ جو ہمارے ہزاروں نوجوان بند ہیں ان کو بھی اسی طرح رہا کیا جائے’۔
انجینئر رشید کے پراکسی امید وار ہونے کے بارے میں پوچھے جانے پر محبوبہ مفتی نے کہا: ‘مجھے بھی شک ہو رہا ہے کیونکہ ابھی تک ان کو رہا نہیں کیا گیا جبکہ جو ہمارے نوجوان بند ہیں ان کو رہا نہیں کیا جا رہا ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘انجینئر صاحب نے جیل سے الیکشن لڑا، ان کو امید وار ڈھونڈنے کی ضرورت نہیں پڑ رہی ہے، ایجنسیاں خود ان کے لئے امید وار منتخب کرکے میدان میں اتارتی ہیں تاکہ ووٹ کو تقسیم کیا جا سکے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘اتنا پیسہ کہاں سے آیا،ان کے لئے گاڑیاں کہاں سے آئیں’۔
جماعت اسلامی کے الیکشن لڑنے کے متعلق انہوں نے کہا: ‘مجھے معلوم نہیں ہے کہ آیا یہ جماعت کے لوگ ہی الیکشن میں کھڑے ہو رہے ہیں’۔