از قلم : خواجہ کوثر حیات
اورنگ آباد(دکن)
زکریا کالسیکرکی تیار کردہ ڈیجیٹل مشقی کتاب بچوں کی جبلتوں کو مدنظر رکھ کر بنائی گئی ہے۔بنیادی طورپر چونکہ زکریا کالسیکرخود ایک استاد ہے۔ اس لیے انہوں نے کتاب کی تیاری میں طلباء میں زباندانی و ریاضی کو سیکھنے میں درپیش بنیادی مسائل اور طلباء کی کمزوریوں کو ذہن میں رکھا ہے ۔ مشقوں کو دیکھ کر مجھے خوشی ہوئی کے اس کتاب میں مرحلہ وار دلچسپ اور بچوں کو آمادہ کرنے والی مشقوں کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ اس میں حروف سے شروع ہونے والی مشقیں طلباء کو خوبصورتی اور آسان انداز میں جملہ بندی کی جانب لے جاتی ہے ۔ یقیناً کتاب کا یکسوئی سے استعمال طالب علم کو بہت جلد جملے بنانے ، اعداد کی شناخت کرنے ، سوالات کے جوابات خود حل کرنے کے قابل بنادے گا ۔
ڈیجیٹل مشقی کتاب میں مشقوں کی ترتیب میں مختلف قسم کے پیٹرن شامل کیے ہیں جو کتاب کو غیر معمولی بناتے ہیں ۔ طالب علم ان مشقوں کو حل کرتے ہوئے نہ صرف مشغول ہوجائے گا بلکہ اس میں مزید سیکھنے کا تجسس پیدا ہوگا ۔ کتاب کی ترتیب واضح اور پرکشش ہے ۔ جوطلباء کو مختلف عنوانات اور مضامین کی بنیادی تعلیم کو مضبوط بنانے کی غرض سے ڈئیزائن کی گئی ہے ۔
مشقوں کی ترتیب سیکھنے کی مختلف سطحوں کے مطابق آسان سے مشکل کی طرف بڑھتی ہیں۔ روایتی انداز سے ہٹ کر مختلف نمونوں کو شامل کرنا زکریا کالسیکر کا قابل تعریف اقدام ہے جیسے عددی، حروف تہجی اور بصری مشقیں جو آموزش کے مختلف مراحل کو پورا کرتی ہیں۔یہ مشقی کتاب طلباء، اساتذہ اور والدین کے لیے بہترین معاون ہے۔ خصوصی طور پر ڈیجیٹل مشقی کتاب طلباء کے لیے مضامین کی بنیادی اکائیوں کو سیکھنے میں آسان، دلچسپ اورجامع ذریعہ ثابت ہوگی۔ڈیجیٹل مشقی کتاب بچوں کی عین فطری جبلتوں اور مختلف جہتوں پر مبنی درس وتدریس کو آسان بنانے پر میں زکریا کالسیکرکو مبارکباد پیش کرتی ہوں اور امید کرتی ہوں نصاب کے تقاضوں پر اس طرح کی مزید کارآمد کتابیں بچوں کے لئے تیار کی جائے تاکہ طلباء کے لیے سیکھنے کا عمل آسان اور خوشگوار بن جائے۔