محبّانِ اردو گلبرگہ کے زیر اہتمام ڈاکٹر غضنفر اقبال کی کتاب ‘شہاب معرفت’ کا اجرا
لازوال ڈیسک
گلبرگہ ڈاکٹر غضنفر اقبال نے کتاب شہاب معرفت تحقیقی نقطہ نظر، عرق ریزی اور سلیقے سے قلم بند کی ہے۔ اس خیال کا اظہار پروفیسر حمید سہروردی نے ڈاکٹر غضنفر اقبال کی23 ویں تصنیف شہاب معرفت: حضرت شیخ شہاب الدین سہروردی علیہ الرحمہ کی رسم اجرا انجام دینے کے بعد کیا۔ تقریب رسم اجرا محبان اردو تنظیم برائے فروغ اردو زبان و ادب گلبرگہ کے زیر اہتمام 25 اگست 2024 کو منعقد کی گئی تھی۔پروفیسر حمید سہروردی نے اپنی تقریر میں کہا کہ انھیں حضرت شیخ شہاب الدین سہروردی سے نسبت کے سبب اردو ادب میں عزت افزائی نصیب ہوئی۔انھوں نے کتاب شہاب معرفت کو صوفیانہ ادب میں اہم ترین اضافہ قرار دیا۔ انھوں نے کہاکہ حضرت شہاب الدین سہروردی دین اسلام کے شہاب ثاقب تھے۔ ڈاکٹر پیرزادہ فہیم الدین(صدر، محبان اردو گلبرگہ)نے صدارتی تقریر میں کہا کتاب شہاب معرفت کو غضنفر اقبال نے محنت لگن و خلوص سے تحریر کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ محبان اردو گلبرگہ ہمیشہ با مقصد اور بامعنی اجلاس کا انعقاد کرتی رہے گی۔
تقریبِ اجرا کے مہمان عالی وقار مولانا محمد تنویر احمد اشرفی(صدر مدرس دارالعلوم دینیہ بندہ نوازیہ گلبرگہ)نے کہا کہ حضرت شیخ شہاب الدین سہروردی اللہ تعالٰی کے ولی تھے، جن کا فیضان پوری دنیا میں تاقیامت جاری رہے گا۔ وہ علم اور روحانیت کے بحر ِ کراں تھے۔انھوں نے کہا کہ غضنفراقبال کی کتاب حضرت شیخ شہاب الدین سہروردی کی حیات اور خدمات پر تحریر کردہ ایک دل نشین اور قابل مطالعہ تصنیف ہے۔جس میں مصنف نے حضرت شیخ شہاب الدین سہروردی کے اوراق حیات کو خوب صورت انداز میں پیش کیا ہے۔مولانا تنویر احمد اشرفی نے کہا کہ کتاب کے مطالعے سے علم ہوا کہ حضرت سہروردی صاحب کرامات بزرگ تھےاور اتباع سنت نبویﷺکے پابند تھے۔ مولانا حافظ وقاری شاہ محمد فخرالدین مانیال(خطیب و امام مسجد بارگاہ حضرت شیخ دکن گلبرگہ)نے تقریب میں بہ حیثیت مہمان خصوصی شرکت فرمائی۔اس پ±رمسرت موقع پر تقریر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ غضنفر اقبال نے عظیم صوفی بزرگ کے علمی کارناموں پر نہایت جامع اور کارآمد کتاب تصنیف کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حضرت شیخ شہاب الدین کی حیات کا کوئی بھی پہلو اس کتاب میں تشنہ نہیں ہے۔ اختصار میں یہ کتاب ہزاروں صفحات پر پھیلی ہوئی ہے۔مولانا محمد فخرالدین مانیال نے کہا کہ غضنفر اقبال کا قلم عصر حاضر کی ضرورت کو پورا کرتا ہے ان کی کتاب روحانی ارتقا کی ضامن ہے۔ مہمانان ذی وقار جناب منظور وقار جناب واجد اختر صدیقی اور انجینیر خرم عماد سہروردی نے حضرت شیخ شہاب الدین سہروردی علیہ الرحمہ پر گراں قدر کتاب لکھنے پر ڈاکٹر غضنفر اقبال کو مبارک باد پیش کی۔ ڈاکٹر غضنفر اقبال نے اپنی جوابی تقریر میں تقریب کے مہمانان اور محبان اردو کے ارباب مجاز سے اظہار تشکر کیا اور کتاب کے مشمولات پر روشنی ڈالی۔تقریب کا آغاز الحاج صادق کرمانی کی قرات کلام پاک سے ہوا۔انجینئر محمد معین الدین سہروردی نے نعت شریف پیش کی۔جناب خواجہ پاشاہ انعام دار(نائب صدر) نے مہمانان کاخیرمقدم کیا۔ نظامت کے فرائض انجینئر عارف مرزا نے بہ حسن و خوبی انجام دیے۔ڈاکٹر انیس صدیقی(معتمد) نے افتتاحی تقریر فرمائی۔ تقریب اجرا میں ڈاکٹر غضنفر اقبال کو محبان اردو گلبرگہ کے علاوہ الحاج محمد مجیب علی خان انجینیر عبدالسلام صدیقی اور جناب محمدعرفان ثمین نے تہنیت پیش کی۔ ڈاکٹر شمس الدین چودھری کے اظہار تشکر پر یہ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔سہروردی شناس حضرات کی کثیر تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی اور ڈاکٹر غضنفر اقبال کو مبارک باد پیش کی۔