آج کے مصنفین سے نوجوانوں کو تحریک ملے گی :ڈاکٹر شمس اقبال

0
0

چنار اردو کتاب میلہ میں بچوں کا مقابلہ کہانی نویسی اور میرا تخلیقی سفر :مصنفین سے ملاقات پروگرام کا انعقاد
لازوال ڈیسک

سری نگر؍؍قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے زیر اہتمام چنار اردو کتاب میلہ کے آٹھویں دن بچوں کا مقابلہ کہانی نویسی اور میرا تخلیقی سفر :مصنفین سے ملاقات کے عنوان سے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ بچوں کا مقابلہ کہانی نویسی شیخ العالم سینٹر فار ملٹی ڈسپلینری اسٹڈیز، کشمیر یونیورسٹی کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کی صدارت ڈاکٹر صادقہ نواب سحر نے کی جب کہ نظامت کے فرائض شیخ العالم سینٹر کے چیرمین پروفیسر عادل امین کاک نے انجام دیے۔
اس مقابلہ کہانی نویسی میں اول پوزیشن انظر تنویر وانی (ایک پہلو یہ بھی ہے کشمیر کا)، دوم پوزیشن لبیبہ عندرابی (بس کہ دشوار ہے) اور سوم پوزیشن انجلینا زہرا (ایک خط اپنے آپ کو)نے حاصل کیے۔ اس موقعے پر ڈاکٹر صادقہ نواب سحر نے کہا کہ بچوں کو آگے بڑھانے اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو جلا بخشنے کے لیے کونسل نے اہم اقدام کیا ہے، بچوں کی سوچ و فکر سمجھنے کے لیے ان سے لکھوانا بے حد ضروری ہے۔ ڈاکٹر مشتاق احمد گنائی اور ڈاکٹر الطاف انجم نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ دوپہر ڈھائی بجے سے میرا تخلیقی سفر :مصنفین سے ملاقات پروگرام کا انعقاد ہوا۔
اس پروگرام میں بحیثیت مصنف ڈاکٹر قاسم خورشید اور چندر بھان خیال نے شرکت کی اس پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے مہمان خصوصی مشہور قلمکار اور ادیب پروفیسر زمان آزردہ نے اردو اور کشمیری کے حوالے سے گفتگو کی اور قومی کونسل اور ڈائریکٹر شمس اقبال کے اقدامات کو سراہا ۔آخر میں قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے کہا کہ آج کے مصنفین سے نوجوانوں کو تحریک ملے گی، یہاں کے لوگ اردو سے بہت پیار کرتے ہیں مجھے امید ہے کہ یہ پیار آگے بھی برقرار رہے گا۔ گزشتہ دنوں کی طرح کتاب میلہ میں آج بھی شائقین کتب کی بڑی تعداد موجود رہی۔ پچیس اگست چنار اردو کتاب میلہ /چنار بک فیسٹیول کا آخری دن ہے۔ اس موقع پر تین بجے ایس کے آئی سی سی آڈیٹوریم میں قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے زیر اہتمام سپاس و تشکر پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا