ناربل ٹرانس مشن ٹائور خراب ہونے کا شاخسانہ
سرینگر؍؍وادی کشمیر کے کئی اضلاع میں ریڈیو کشمیر سرینگر کی نشریات گزشتہ 15 دنوں سے متاثر ہیں جس کی بنیادی وجہ ناربل کا 300 کلو واٹ ٹرانس مشن ٹائور کی خرابی ہے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل انجینئرنگ ریڈیو کشمیر ڈیپا رانی نے مذکورہ ٹرانس مشن کی خرابی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ دو روز میں ریڈیو کشمیر سرینگر کی نشریات ہر جگہ پر سنی جائیں گی ۔ معلوم ہوا ہے کہ سرحدی ضلع کپوارہ ، بارہمولہ ، بانڈی پورہ ، گاندربل اور ریاسی اضلاع میں گزشتہ 15 دنوں سے ریڈیو کشمیر سرینگر کی نشریات نہیں سنی جارہی ہیں ۔ معلوم ہوا ہے کہ ان اضلاع کے سامین گزشتہ 15 دنوں سے شہربین ، خبریں اور وادی کی آواز جیسے مشہور و معروف پروگرام نہیں سن پارہے ہیں جبکہ اس کے علاوہ ان اضلاع کے سامین ریڈیو کشمیر سرینگر کی دیگر نشریات سننے سے بھی گزشتہ 15 دنوں سے محروم ہیں ۔ معلوم ہوا ہے کہ ناربل میں ریڈیو کشمیر سرینگر کا 300 کلو واٹ ٹرانس مشن ٹائور گزشتہ 15 دنوں سے خراب ہے اور ابھی تک اس کی مرمت نہیں ہوسکی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ٹائور کی دیکھ بال اور مرمت کیلئے بیرون ریاست کے انجینئر و دیگر عملہ تعینات ہے لیکن گزشتہ 15 دنوں سے یہ عملہ ڈیوٹی دینے سے قاصر ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ انجینئر و دیگر عملہ سیاحتی استقبالیہ مرکز ( ٹی آر سی ) میں واقع گیسٹ ہائوس میں مقیم ہیں اور یہ ڈیوٹی نہیں دے رہے ہیں جس کی وجہ سے ابھی تک نارہ بل کا 300 کلو واٹ ٹرانس مشن ٹائور بحال نہیں ہوسکا ۔ معلوم ہوا ہے کہ اس ٹائور کے خراب رہنے سے وادی کشمیر کے 4 اضلاع جن میں کپوارہ ، بارہمولہ بانڈی پورہ اور وسطی ضلع گاندربل شامل ہے جبکہ صوبہ جموں کے ریاسی ضلعے کے سامین بھی اس ٹائور کی خرابی کے باعث ریڈیو کشمیر سرینگر کی نشریات نہیں سن پارہے ہیں ۔ اس سلسلے میں جب ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل انجینئرنگ ریڈیو کشمیر ، دیپا رانی سے رابطہ قائم کیا تو انہوں نے نارہ بل میں واقع مذکورہ ٹرانس مشن ڑائور کی خرابی کا اعتراف کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانس مشن کی مرمت کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ نے دلی اور ممبئی کے انجینئروں سے رابطہ قائم کیا ہے اور آئندہ دو روز میں اس ٹائور کو فعال بنایا جائیگا ۔ ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ اضلاع میں گزشتہ 15 دنوں سے ریڈیو کشمیر سرینگر کی نشریات نہیں سنی جارہی ہیں جس پر وہ معذرت خواہ ہیں ۔