مودی حکومت ایک مضبوط، محفوظ اور خوشحال ہندوستان بنانا چاہتی ہے ؛ہندوستان 2027 تک تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا
لازوال ڈیسک
نئی دہلی؍؍ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعہ کو کہا کہ ہندوستان اور امریکہ مشترکہ طور پر ایک مضبوط طاقت ہیں اور وہ مل کر عالمی امن اور خوشحالی کو یقینی بنا سکتے ہیں ۔ہندوستانی کمیونٹی کے لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے جو امریکہ کے دورے پر ہیں، کہا کہ مودی حکومت ایک مضبوط، محفوظ اور خوشحال ہندوستان بنانا چاہتی ہے ہندوستان اور امریکہ کو قدرتی اتحادی قرار دیتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ان کے درمیان مضبوط ساجھیداری مقدر ہے اور اس سمت میں تعاون مسلسل بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں عالمی سطح پر ہندوستان کا قد بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا’’اس سے پہلے بین الاقوامی پلیٹ فارم پر ہندوستان کے خیالات پر توجہ نہیں دی جاتی تھی۔ لیکن آج پوری دنیا غور سے سن رہی ہے۔‘‘
مسٹر سنگھ نے کہا کہ 2014 سے پہلے ہندوستان ’کمزور پانچ‘معیشتوں میں سے ایک تھا جیسا کہ سرمایہ کاری فرم مورگن اسٹینلے نے کہا تھا لیکن آج یہ دنیا کی ’شاندار پانچ‘معیشتوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کمپنی کی حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان 2027 تک تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کووڈ۔ 19 وبائی مرض کے تئیں حکومت کی پالیسیوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ ہندوستانی معیشت دوسرے ممالک کے مقابلے زیادہ متاثر نہ ہو۔
وزیر دفاع نے دفاعی شعبے میں ‘خود انحصاری’ کے حصول کے لیے حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا، جس میں 5000 سے زیادہ اشیاء پر مشتمل مثبت مقامی فہرستوں کا نوٹیفکیشن بھی شامل ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ملکی کمپنیوں کے ذریعے ملک میں جدید ترین دفاعی اشیاء کی تیاری کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔
مسٹر سنگھ نے کہا کہ دفاعی برآمدات، جو موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے سے پہلے 600 کروڑ روپے تھیں، اب نمایاں طور پر بڑھ کر 21,000 کروڑ روپے سے زیادہ ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدت کو فروغ دینے کے لیے کیے گئے اقدامات کی وجہ سے ملک میں ا سٹارٹ اپس کی تعداد 2014 میں تقریباً 400 سے بڑھ کر ایک لاکھ 20 ہزار ہو گئی۔ انہوں نے ان کامیابیوں کا سہرا حکومت کی پالیسیوں اور منصوبہ بندی کے ساتھ ساتھ قوت ارادی کو قرار دیا۔ وزیر اعظم کے ویڑن کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا "ہم ہندوستان کو ایک مضبوط، محفوظ اور خوشحال ملک کے طور پر ترقی دینا چاہتے ہیں۔”
وزیر دفاع نے اپنے خطاب کے اختتام پر امریکہ میں ہندوستانی برادری سے ’واسودھئیو کٹمبکم‘ (دنیا ایک خاندان ہے) کے جذبے میں ایمانداری اور لگن کے ساتھ کام کرنے کی اپیل کی۔مسٹر سنگھ کے دورے کے دوران، دونوں اطراف کے سینئر دفاعی عہدیداروں نے سیکورٹی آف سپلائی ارینجمنٹ (ایس او ایس اے ) اور رابطہ افسروں کی ‘اسائنمنٹ’ کے بارے میں ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے۔
مسٹر سنگھ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کریں گے۔ وہ امریکی صدر کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان سے بھی ملاقات کریں گے۔ مزید برآں، وہ مستقبل میں دفاعی تعاون پر امریکی دفاعی صنعت کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی گول میز اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اس دورے سے ہند -امریکہ جامع عالمی اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کی امید ہے۔