سعودی عرب: سنگین جرم کرنے پر شہری کو موت کی سزا

0
0

ریاض، 23 اگست (یو این آئی) سعودی وزارت داخلہ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الجوف ریجن میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث شہری کو موت کی سزا دے دی گئی۔
سعودی خبر رساں ادارے کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ نشہ آور گولیاں مملکت اسمگل کرنے پر سعودی شہری عبداللہ بن حمود بن مطوع الشمری کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ابتدائی تحقیقات کے دوران ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا تھا جس پر اسے عدالت میں پیش کردیا گیا جہاں عدالت نے اقبال بیان اور شواہد کی بنیاد پر ملزم کو سزائے موت کا حکم دیا، اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ کی جانب سے بھی اسی فیصلے کو برقرار رکھا گیا۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق الجوف ریجن میں عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے جمعرات 22 اگست 2024 کو نشہ آور گولیوں کے سمگلر شہری کو موت کی سزا دی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ معاشرے میں نشہ آور اشیاء پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا اور مملکت میں منشیات کی اسمگلنگ اور دھندا کرنے والوں کو سخت سزائیں دی جاتی ہیں۔
اس سے قبل سعودی عرب کے الباحہ ریجن میں بلجرشی گورنریٹ میں پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ایک غیرملکی کو دو لڑکیوں کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
محکمہ امن عامہ کے ترجمان نے بیان میں بتایا کہ یمنی شہری وسیم عبدہ یحیی کو ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکوشن کے سپرد کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مملکت میں قانون کے تحت ہراساں کرنے کے جرم کا ارتکاب کرنے والے کو دو سال سے زیادہ کی قید اور ایک لاکھ ریال سے زیادہ جرمانہ یا ان دو میں سے ایک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا