مصر نے فلاڈلفیا راہ داری میں نگرانی کے 8 ٹاور بنانے کی اسرائیلی تجویز مسترد کر دی

0
0

قاہرہ، 23 اگست (یواین آئی)مصر نے فلاڈلفیا راہ داری میں نگرانی کے 8 ٹاور بنانے کی اسرائیلی تجویز مسترد کر دی ہے۔ مصر نے امریکی تجویز بھی مسترد کر دی جس میں صرف 2 ٹاور بنانے کی بات کی گئی تھی۔
ادھر واشنگٹن آئندہ اتوار ایک علاقائی سربراہ اجلاس منعقد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اجلاس میں اُن فریقوں کو دعوت دی جائے گی جو غزہ کی پٹی میں موجود یرغمالیوں کی واپسی کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں۔
فلاڈلفیا راہ داری، رفح گزر گاہ اور جنگ بندی کے حوالے سے اسرائیل، مصر اور امریکا کے درمیان بات چیت آئندہ چند گھنٹوں میں قاہرہ میں ہو گی۔
ذرائع نے "العربیہ ڈاٹ نیٹ” کو بتایا ہے کہ موجودہ اختلافات بے گھر افراد کی واپسی، نتساریم اور فلاڈلفیا سے اسرائیلی انخلا کی صورت، رفح گزر گاہ کو فعال کرنے اور دونوں جانب سے رہائی پانے والے قیدیوں کی نوعیت کے حوالے سے ہیں۔ مصر کا اصرار ہے کہ رفح گزر گاہ اور فلاڈلفیا راہ داری دونوں سے اسرائیلی افواج کوچ کریں اور مستقبل میں ان علاقوں میں اسرائیلی موجودگی روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
واضح رہے کہ مصر، قطر اور امریکا نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا تھا جس میں غزہ کے بحران کو جلد از جلد حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ بیان پر تینوں ممالک کے سربراہان نے دستخط کیے۔ بیان میں کہا گیا کہ "اب وقت آ گیا ہے کہ طویل عرصے سے جاری غزہ کے عوام، قیدیوں اور ان کے اہل خانہ کی تکالیف کا فوری خاتمہ کیا جائے”۔ بیان میں فائر بندی کو یقینی بنانے اور قیدیوں اور گرفتار شدگان کی رہائی کے لیے معاہدہ طے کرنے پر زور دیا گیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا