کلکتہ 22اگست (یواین آئی) آر جی کار عصمت دری کے خلاف بی جے پی ریاست بھر میں احتجاج و مظاہرہ کررہی ہے۔سلی گوڑی میں احتجاج کے دوران بی جے پی ورکروں نے سب ڈسٹرکٹ کونسل کا دروازہ توڑ کر اندر جانے کی کوشش کی۔ اس کی وجہ سے کئی پولس اہلکار زخمی ہوگئے اور شیشہ کا دروازہ توڑنے کی وجہ سے بی جے پی کارکنان بھی زخمی ہوئے۔
بی جے پی ضلع کے چیف ہیلتھ آفیسر سے ملاقات کرکے میمورنڈم پیش کرنا چاپتی۔ چیف ہیلتھ آفیسر کا دفتر سب ڈسٹرکٹ کونسل میں ہے۔ بی جے پی کارکنان جمعرات کو سلی گوڑی شہر میں سب ڈسٹرکٹ کونسل کی طرف مارچ کر رہے تھے۔ جلوس باغاتین پارک میدان سے شروع ہوا۔ جھنڈے اور پلے کارڈز اٹھائے جلوس نےسب ڈویژنل کونسل کی طرف مارچ کیا۔ لیکن پولیس نے جلوس کو بیدھن روڈ سے سب ڈویژنل کونسل کی طرف جانے سے قبل روک دیا۔ سڑک پہلے ہی بند کردی گئی تھی۔ بی جے پی کارکنوں نے رکاوٹیں توڑ دیں۔ پولیس انہیں وہاں نہیں سنبھال سکی۔ بھگدڑ میں ایک خاتون پولیس اہلکار سڑک پر گر گئی۔ تاہم پولس اہلکار نے جلدی سے اسے اٹھایا۔آہستہ آہستہ بی جے پی کا جلوس سب ڈسٹرکٹ کونسل تک پہنچ گیا۔ وہاں اضافی پولیس تعینات کیا گیا تھا۔اس کے باوجود بی جے پی کارکنوں نے سب ڈسٹرکٹ کونسل کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔ شیشے کے متعدد دروازے توڑ دیے گئے۔ اس سے بی جے پی کے حامیوں کو بھی چوٹ پہنچی ہے۔
سلی گوڑی کے تنظیمی ضلع بی جے پی کے صدر ارون منڈل نے کہاکہ آر جی کار اسپتال میں جو کچھ ہوا اس کی مخالفت میں ریاست بھر میں ہمارا ہیلتھ بلڈنگ پروگرام چل رہا ہے۔ اسی مناسبت سے ہم ڈسٹرکٹ چیف ہیلتھ آفیسر کے دفترکے باہر پرامن مارچ کررہے تھے پولیس نے رکاوٹیں لگا کر ہمیں روکنے کی کوشش کی۔ ہمارے کارکنوں نے اس رکاوٹ کو توڑ دیا۔ ہماری آواز کو دبانے کی کوشش کی گئی۔ ہمارے کئی کارکن زخمی ہوئے۔ لیکن ہماری تحریک کو اس طرح دبایا نہیں جا سکتا۔ وزیر اعلیٰ کو عہدے سے ہٹانے تک احتجاج جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ آر جی کار واقعہ کے خلاف جمعرات کو ریاست کے مختلف حصوں میں بی جے پی کا پروگرام جاری ہے۔ کلکتہ میں ہڈکو جنکشن سے ہیلتھ بھون تک ایک جلوس شروع ہوا ہے۔ ریاستی بی جے پی کے تمام سرکردہ لیڈران بشمول اپوزیشن لیڈر شوبھندو ادھیکاری جلوس میں شامل ہیں۔یواین آئی۔نور