بھوپال، 22 اگست (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے چھتر پور ضلع میں ایک پولیس اسٹیشن پر ہجوم کے حملے کے معاملے میں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے قصورواروں کی شناخت کرکے جلد سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ڈاکٹر یادو نے کل دیر رات ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چھتر پور ضلع میں ایک واقعہ میں کچھ پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ملنے پر فوری طور پر اعلیٰ افسران سے واقعہ کی معلومات حاصل کی اور جوانوں کے مناسب علاج کی ہدایات دیں۔
انہوں نے کہا مدھیہ پردیش ایک ’امن کی ریاست‘ ہے، جو بھی منصوبہ بند طریقے سے قانون کو اپنے ہاتھ میں لے گا اسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ میں نے پولیس کے اعلیٰ افسران کو واضح ہدایات دی ہیں کہ وہ فوری طور پر ملزمان کی نشاندہی کرکے سخت کارروائی کریں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔ ریاست میں امن اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
کل میمورنڈم دینے آئے لوگوں کے ساتھ آئے ہوئے ہجوم نے چھتر پور ضلع ہیڈکوارٹر پر اچانک پتھراؤ کیا جس میں تھانہ انچارج اور ایک ملازم زخمی ہو گئے۔ پولیس نے فوری طور پر بے قابو ہجوم کو منتشر کردیا۔