مودی کا پولینڈ کا دورہ گزشتہ 45 سالوں میں کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا پولینڈ کا پہلا دورہ ہے
لازوال ڈیسک
وارسا؍؍وزیر اعظم نریندر مودی بدھ کو اپنے دو ملکوں کے دورے کے پہلے مرحلے پر پولینڈ پہنچے جس کے دوران وہ یوکرین کے دارالحکومت کیف کا بھی سفر کریں گے اور یوکرین تنازعہ کے پرامن حل کے بارے میں صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ نقطہ نظر کا اشتراک کریں گے۔وزیر اعظم مودی کا پولینڈ کا دورہ گزشتہ 45 سالوں میں کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا پولینڈ کا پہلا دورہ ہے۔ پولینڈ میں اپنے قیام کے دوران مودی صدر اینڈرج سیباسٹین ڈوڈا سے ملاقات کریں گے اور وزیر اعظم ڈونالڈ ٹسک کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے۔
وارسا روانہ ہونے سے پہلے وزیراعظم مودی نے کہا کہ ’’میرا پولینڈ کا دورہ اس وقت آیا ہے جب ہم اپنے سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل کر رہے ہیں۔ پولینڈ وسطی یورپ میں ایک اہم اقتصادی شراکت دار ہے۔جمہوریت اور تکثیریت کے تئیں ہماری باہمی وابستگی ہمارے تعلقات کو مزید تقویت دیتی ہے۔ میں اپنے دوست وزیر اعظم ڈونالڈ ٹسک اور صدر آندریج ڈوڈا سے ملاقات کا منتظر ہوں تاکہ ہماری شراکت داری کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔مودی نے کہا، ’’میں پولینڈ میں متحرک ہندوستانی کمیونٹی کے ارکان سے بھی بات کروں گا۔پولینڈ میں ہندوستانی سفیر نے اپنے دو روزہ دورے کے دوران پولینڈ کی قیادت کے ساتھ وزیر اعظم مودی کی بات چیت سے دونوں فریقین کو مختلف موضوعات پر اعلیٰ سطح پر خیالات کا تبادلہ کرنے کا موقع ملے گا اور یہ ایک طرح کا حقیقی ’’مفید تبادلہ‘‘ہوگا۔ قبل ازیںپولینڈ پہنچنے کے تھوڑی دیر بعد، وزیر اعظم نریندر مودی وارسا کے ایک ہوٹل کی طرف روانہ ہوئے جہاں ایک بہت بڑا ہجوم، جن میں زیادہ تر ہندوستانی تارکین وطن کے ارکان تھے، ان کے استقبال کے لیے جمع تھے۔