بھوپال، 21 اگست (یو این آئی) ریزرویشن سے متعلق مسائل کے حوالہ سے آج کچھ تنظیموں کی طرف سے دی گئی ملک گیر ہڑتال کا جزوی اثر مدھیہ پردیش میں دیکھا گیا تاہم حالات پوری طرح پرسکون ہیں۔ مختلف اضلاع کی انتظامیہ نے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں اور کہیں سے کوئی ناخوشگوار خبر موصول نہیں ہوئی ہے۔
ریاست کی راجدھانی بھوپال کے علاوہ گوالیار چمبل انچل، وندھیا انچل، مالوانچل، نیماڑ، مہا کوشل، بندیل کھنڈ خطہ میں مکمل امن ہے۔ تاہم بعض اضلاع اور قصبوں میں احتیاطی تدابیر کے طور پر دکانیں وغیرہ بند رہیں اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے مقامی انتظامیہ کو میمورنڈم بھی پیش کیے، جس میں ریزرویشن سے متعلق مسائل کے حوالے سے مختلف نکات بیان کیے گئے ہیں۔
ریاستی پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی کو ٹیلی فون پر بتایا کہ ریاستی پولیس انتظامیہ پوری طرح چوکس ہے اور دوپہر تک کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ پولیس انتظامیہ نے پہلے ہی مختلف اضلاع میں حساس سمجھے جانے والے علاقوں میں ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کر رکھی ہیں۔ دکانوں یا مختلف اداروں وغیرہ کو زبردستی بند کرنے کے بارے میں کہیں سے کوئی اطلاع نہیں ہے۔ تاہم بعض علاقوں میں لوگوں نے احتیاط کے طور پر صبح کے وقت اپنے ادارے نہیں کھولے۔ درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل سے تعلق رکھنے والی مختلف تنظیموں نے مبینہ طور پر ریزرویشن سے متعلق مختلف مطالبات پر ملک گیر ہڑتال کی کال دی ہے۔ اس دوران بنیادی طور پر ریزرویشن کی حمایت میں مطالبات اٹھائے گئے۔ اس دوران تنظیموں نے ریزرویشن مخالف مبینہ اقدامات کے بارے میں ملک کے پالیسی سازوں کے سامنے اپنی بات پہنچانے کے لیے مختلف مقامات پر مقامی انتظامیہ کو میمورنڈم پیش کیے ہیں۔