رانچی؍؍ ہندوستانی اسٹار اوپنر روہت شرما نے اتوار کو جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میں ہندستان کے لیے پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بناتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کر دیا، جو ان کے ٹیسٹ کیریئر کی بہترین کارکردگی بھی ہے ۔روہت نے اپنے کیریئر کے 30 ویں ٹیسٹ میچ میں 249 گیندوں میں 28 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 200 رن بنائے ۔ انہوں نے میچ کے دوسرے دن ہندستان کی پہلی اننگز میں 255 گیندوں میں 28 چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد اور 83.13 کے بہترین اسٹرائک ریٹ سے کل 212 رنز کی زبردست اننگز کھیلنے ہوئے ہندستان کو مشکل صورت حال سے بھی نکالا۔32 سالہ بلے باز کے کیریئر کا یہ چھٹی اور ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی ڈبل سنچری ہے ۔ اسی کے ساتھ وہ پہلے سرکردہ بلے بازوں سچن تندولکر اور وریندر سہواگ کی ایلیٹ لسٹ میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں فارمیٹس میں ڈبل سنچری بنائی ہیں۔ ممبئی کے روہت نے ون ڈے فارمیٹ میں تین ڈبل سنچری لگائی ہیں۔روہت نے میچ کے پہلے دن ہندستان کو 39 رنز پر تین وکٹ کی مشکل صورت حال سے نکالتے ہوئے اجنکیا رہانے (115 رن) کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لیے 267 رنز کی ڈبل سنچری شراکت بھی کھیلی۔رہانے نے 192 گیندوں میں 17 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اپنی 11 ویں ٹسٹ سنچری بنائی جو گھریلو میدان پر تین سال بعد ٹیسٹ میں ان کی سنچری بھی ہے ۔ انہوں نے آخری بار تین پوائنٹس کا ہندسہ سال 2016 میں نیوزی لینڈ کے خلاف بنایا تھا۔