عدن، 16 اگست (یو این آئی) یمن کے حوثی گروپ کے رہنما عبدالمالک الحوثی نے جمعرات کو انکشاف کیا کہ اکتوبر 2023 میں اسرائیل کے خلاف ان کی فوجی مہم کے آغاز سے اب تک 73 افراد ہلاک اور 181 زخمی ہو چکے ہیں۔
حوثیوں کا دعویٰ ہے کہ یہ کارروائیاں ’’فلسطینی عوام کی حمایت میں‘‘ ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور بین الاقوامی توجہ مبذول ہوئی ہے۔
گروپ کے المسیرہ ٹی وی چینل پر نشر الحوثی کے بیان میں جس ے وہ (وعدہ شدہ فتح) جنگ کہتے ہیں، میں مرنے والوں کی تعداد کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا ہے۔ یہ آپریشن بحیرہ احمر کے علاقے میں بڑھتی ہوئی فوجی سرگرمیوں کے ساتھ میل کھاتا ہے، جس میں ان بحری جہازوں پر حملے بھی شامل ہیں جن کے بارے میں حوثیوں کا دعویٰ ہے کہ وہ اسرائیل سے منسلک ہیں۔
حوثی رہنما نے یمن میں حالیہ امریکی فوجی کارروائیوں کے بارے میں بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکی جنگی طیاروں نے صرف اس ہفتے 10 فضائی حملے کیے ہیں۔ ان حملوں میں سے آٹھ حملوں میں مبینہ طور پر بحیرہ احمر کے ساحلی صوبے حدیدہ کو نشانہ بنایا گیا، اس کے علاوہ صوبہ حجہ اور صنعاء میں مزید حملے کئے گئے۔
یہ امریکی اور برطانوی فضائی حملے جنوری 2024 میں خطے میں جہاز رانی کی خدمات پر حوثی باغیوں کے بحری حملوں کے جواب میں شروع ہوئے تھے۔
اپنی تقریر میں یمن کے حوثی گروپ کے رہنما نے حماس اور حزب اللہ کے رہنماؤں کو نشانہ بنانے سمیت حالیہ واقعات کے جواب میں اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کی دھمکیوں کا اعادہ کیا۔