لندن، 15 اگست (یو این آئی) وینکٹیش ائیر نے ون ڈے کپ میں لنکا شائر کی طرف سے کھیلتے ہوئے 49ویں اوور میں ووسٹر شائر کے لگاتار دو گیندوں پر دو وکٹ لے کر اپنی ٹیم کو جیت دلادی۔
بدھ کو کھیلے گئے اس میچ میں لنکا شائر نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 237 رنز بنائے۔ وینکٹیش نے 42 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 25 رنز کی اننگ کھیلی۔ وینکٹیش کوساتویں بولنگ آپشن کے طور پر دوبارہ 49 ویں اوور میں گیند تھمائی گئی۔ وہ پانچ اوور پہلے کرچکے تھے۔ اس وقت کپتان جیک لیبی 104 گیندوں پر 83 رنز بنانے کے بعد کھیل رہے تھے۔ وورسٹر شائر کو آخری دو اوورز میں 15 رنز درکار تھے اور صرف دو وکٹیں باقی تھیں۔
49 واں اوور کرنے آئے وینکٹیش کی پہلی دو گیندوں پر ایک چوکا لیگ بائی اور دوسرا بائی کے طور پر آیا اور لنکا شائر کی مشکلات بڑھنے لگیں۔ وینکٹیش نے تیسری گیند وائیڈ ڈال دی۔ اس کے بعد اگلی تین گیندوں پر ایک ایک رن اور ایک وائیڈ آیا۔ اب ایسا لگ رہا تھا کہ وورسٹر شائر یہ میچ جیت جائے گی۔ اس دوران وینکٹیش کی گیند پرٹام ہنلی ڈیپ مڈ وکٹ پر پل کرکے باؤنڈری نکالنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اگلی گیند پر ہیری ڈارلی سلوگ کرنے کی کوشش میں مس کر گئے اور ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
اس کے ساتھ ہی لنکا شائر نے یہ دلچسپ میچ تین رنز سے جیت لیا۔ وینکٹیش نے چھ اوور میں 38 رن دے کر دو وکٹ لئے۔