لکھنؤ:15اگست(یواین آئی) اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے78ویں یوم آزادی موقع پر جمعرات کو چیف منسٹر یوتھ انٹرپرینیور ڈیولپمنٹ اسکیم کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان بھارت کی ترقی کا محور ہیں۔ہمارانوجوان باہنر ہے۔ توانائی سے پر ہے۔ ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے لئے ان نوجوانوں کا کردار کافی اہم ہے۔ اس کے لئے ریاستی حکومت تعلیم اور روزگار پر خصوصی دھیان دے رہی ہے۔ ریاست کے اندر اپنے نوجوانوں کے لئے ایک نئی اسکیم کاعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے۔ اس اسکیم کے ذریعہ سے آئندہ کچھ سالوں کے اندر 10 لاکھ نوجوانون کو روزگار اور سوروزگار سے جوڑنے میں کامیابی ملے گی۔
یوگی نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت حکومت ان نوجوانوں کو مالی مدد فراہم کرے گی جو 10 لاکھ ایم ایس ایم ای یونٹس کی تشکیل کے لیے نوکریوں کے بجائے انٹرپرینیورشپ کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے ذریعے 50 لاکھ نوجوانوں کے لیے روزگار پیدا کرنے کے نئے امکانات آگے بڑھیں گے۔
نوجوانوں کی ترقی کے لیے ریاستی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں اب تک کی گئی سرمایہ کاری سے 1 کروڑ 62 لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو روزگار ملا ہے اور مرکز کی اسکیموں کو اپناتے ہوئے ریاستی حکومت نے 62 لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا ہے اس سے خود روزگار سے جڑنے میں بھی مدد ملی ہے۔
ہم نےگزشتہ 7 سالوں میں ایک منصفانہ اور شفاف عمل کے ذریعے 6.5 لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے میں کامیاب رہے ہیں، جبکہ ریاستی حکومت نے نوجوانوں کو سٹارٹ اپ یونٹس کی مالی اعانت کے لیے راغب کرنے کے لیے ایک سٹارٹ اپ فنڈ بھی بنایا ہے۔ نوجوانوں کو تکنیکی طور پر قابل بنانے کے لیے 2 کروڑ اسمارٹ فونز اور ٹیبلٹس کی مفت تقسیم کا کام مؤثر طریقے سے جاری ہے۔