نئی دہلی، 15 اگست (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان میں بینکنگ سیکٹر میں بڑی بہتری ہوئی ہے، جس کی وجہ سے بینک مضبوط ہوئے ہیں اور ہندوستان کا بینکنگ نظام آج دنیا کے چند مضبوط بینکوں میں شامل ہے۔
لال قلعہ کی فصیل سے 78 ویں یوم آزادی کی تقریبات میں قوم سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ بینک ترقی کی بنیاد ہیں اور اصلاحات کے بعد ہندوستانی بینکوں نے ملک کے تمام طبقات کو مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بینکنگ سیکٹر میں اصلاحات کے لیے کئی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ملک میں بینکوں کو کئی طرح کے بحرانوں کا سامنا تھا، لیکن حکومت کی جانب سے اس شعبے کو بہتر بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے ہندوستان کے بینک مضبوط ہوئے ہیں اور بینکوں کے مضبوط ہونے کی وجہ سے ملک کے ہر طبقے کی ترقی ہوئی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا ’’کسانوں، غریبوں، طلباء سب کو ترقی کے لیے قرضوں کی ضرورت ہے اور ملک کے مویشی پرور اور خوانچہ فروش بینکوں میں اصلاحات کا فائدہ اٹھا رہے ہیں اور بلندیاں حاصل کر رہے ہیں۔ چھوٹی اور بہت چھوٹڑی صنعتوں کو مضبوط کرنے کے لیے، بینک بنیاد بنے ہیں اور مسلسل اپنی ترقی کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔‘‘