متعلقہ محکمہ جات کو ہدایات جاری،کہا تمام مسائل کو مقررہ وقت میں حل کیا جائے گا
لازوال ڈیسک
پونچھ //ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ، یاسین ایم چودھری نے بلاک مینڈھر کے چھترال میں بلاک دیوس پروگرام میں عوامی شکایات کے ازالے کا اجلاس منعقد کیا۔وہیںعلاقے کے لوگوں نے ڈی ڈی سی سے بات چیت کی اور انہیں اپنے اپنے علاقوں کے مسائل، مطالبات اور ترقیاتی ضروریات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر پی آر آئی کے اراکین نے پانی اور بجلی کی فراہمی میں اضافے، سڑکوں کے مسائل، صحت کی سہولیات تک رسائی اور روزمرہ کے مسائل کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔
دریں اثناءمطالبات کا جواب دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے انہیں یقین دلایا کہ تمام مسائل کو مقررہ وقت میں حل کیا جائے گا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ضلع کی تمام پنچایتوں میں مساوی ترقی کو یقینی بنانے اور مسائل کو بلا تاخیر حل کرنے کے لیے تال میل سے کام کریں۔اس دوران تعلیم کے شعبے پر زور دیتے ہوئے ڈی سی نے چیف ایجوکیشن آفیسر کو ہدایت کی کہ وہ سکولوں میں اساتذہ کی حاضری کی ذاتی طور پر نگرانی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ غیر حاضری سے سختی سے نمٹا جائے۔
وہیںجلہ تھیران روڈ پر کام کی سست رفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے، ڈپٹی کمشنر نے ایس ای پی ڈبلیو ڈی سے کہا کہ وہ جنگلات کی منظوری کے لیے محکمہ جنگلات سے رابطہ کریں۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ سے کہا کہ وہ اسکیموں کے ٹائم فریم کے مطابق منریگا کی اجرت کو ادا کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہاتھ میں لئے گئے کام مقررہ مدت میں مکمل ہوں۔اس تقریب میں موجود افسران اور اہلکاروں نے مقامی لوگوں کے مطالبات اور شکایات کا اندراج کیا، جس کا مقصد کم سے کم وقت میں ان مسائل کے ازالے کو یقینی بنانا تھا۔