اطراف و اکناف سے آئے ہوئے شعرا ءنے شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا
جمیل انصاری
بارہمولہحُسینی مشاعروں کی رواےت کو برقرار رکھتے ہوئے دایرئہ ادب دلنہ بارہمولہ کے اہتمام اور ادارہ یادگارِ حُسینی ہائیگام کے اشتراک سے آج بیدار منزل ہائیگام میں ایک عظیم الشان حُسینی مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔ مشاعرے میں کئی اضلاع سے آئے ہوئے شعراءکرام نے حضرت امام حُسین علیہ السلام اور اُنکے جاں نثاروں کے تئیں اپنا منظوم خراج پیش کیا۔ مجلس کے آغاز میں دایرہ ادب دلنہ کے جنرل سیکریٹری قاضی پرویز نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ دایرہ ادب دلنہ آنے والے وقت میں ادبی سرگرمیاں حسبِ معمول جاری رکھے گا۔ مجلس کی صدارت نامور ادیب، ایسے نگار، دانشور اور ماہرِ تعلیم پروفیسر محمد زمان آزردہ نے کی جبکہ معروف شعراءفیاض تلگامی، شوکت انصاری، شہناز رشید اور شیر علی مشغول بھی ایوانِ صدارت میں تشریف فرما تھے۔ مجلس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جسکی سعادت بشارت حسین ہائیگامی کو حاصل ہوئی، جبکہ شہنواز حسن میر نے نعتِ نبی سے حاضرین کو محظوظ کیا۔اس موقعے پر شناور حسین ہائیگامی نے شوکت انصاری کا لکھا ہوا کشمیری نوحہ پیش کیا۔اسکے فوراً بعدحُسینی مشاعرے کا آغاز ہوا۔مشاعرے میں جن شعرائے کرام نے امام عالی مقام حضرت امام حُسین اور اُنکے رُفقاءکو منظوم خراج پیش کیا اُن میں دایرہ ادب دلنہ کے نائب صدر شاہد دلنوی،سید عباس جوہر،شوکت شہباز، ظہور ہائگامی،دایرہ ادب کے صدر محمد افضل افضل، ضمیر انصاری، نثار اعظم، سید مسعود شاداب، اسداللہ صفوی، ابراہیم منتظر، رشید روشن، سرور ہاشمی، آفاق دلنوی، حسن اظہر، نذیر احمد نذیر ،غضنفر علی،سید عابد گوہر، علی محمد حسرت، غلام علی پمپوش، عابد اشرف، سلیم یوسف، فاروق سمبلی،شہناز رشید، فیاض تلگامی،شیر علی مشغول،شوکت انصاری اور پروفیسر محمد زمان آزردہ اور قاضی فدا، غلام الدین بہارقابلِ ذکر ہیں۔ مشاعرے میں مدعو سامعین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔شعراءکے علاوہ اختر علی انصاری، جمیل انصاری،نصیر حُسین بھی مجلس میںموجودتھے ۔ اپنے صدارتی خطبے میں پروفیسر آزردہ نے ایسی شاندار اور عظیم الشان مجلس کے انعقاد پر دایرئہ ادب دلنہ اور ادارہ یادگارِ حُسینی کو مُبارکباد پیش کی اور کہا کہ کمرازعلاقے میں ابتدائی دور میں حُسینی مجلسوں اور مشاعروں کو انعقاد کرانے میں مرحوم نشاط انصاری اور منظور ہاشمی کا اہم رول رہا ہے۔ فیاض تلگامی نے بھی اپنے خطبے میں کہا کہ ابتدائی دور میں کمراز علاقے کے شعراءاگر حُسینی کلام لکھنے کی طرف راغب ہوچکے اُسکا سہرا صرف اور صرف مرحومین نشاط انصاری اور منظور ہاشمی کو جاتا ہے۔، انہوں نے دایرہ ادب دلنہ اور ادارہ یارگار حسینی ہائیگام و مرحوم غلام محمد بیدار اور اُن کے خانوادے کا شکریہ کرنے کے ساتھ ساتھ مُبارکباد بھی پیش کی جن کی کاوشوں سے ہی یہاں حُسینی مشاعروں کی مجالس کا انعقاد ہوتا رہا۔ حُسینی مشاعرے کی نظامت کے فرائض دایرئہ ادب دلنہ کے ایڈوائزر ضمیر انصاری نے انجام دئے، جبکہ شاہد دلنوی نے ادارہ یادگارِ حسینی وعلی اصغر فاونڈیشن ہائیگام کے ممبران کے علاوہ مہمانوں اور حاضرین و ناضرین و صحافت سے وابستہ شخصےات کا شکریہ ادا کیا۔