چنئی، 13 اگست (یو این آئی) تمل ناڈو کے جنوبی تھینی ضلع میں گرفتار کرکے چنئی لائے گئے روہت راج نامی مجرم نے منگل کی صبح پولیس حراست سے فرار ہونے کی کوشش کی اور اس دوران وہ گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ مجرم روہت راج شہر کے ٹی پی چتھیرم کا رہنے والا ہے۔ وہ قتل کے کم از کم تین مقدمات اور دیگر کئی معاملوں میں مطلوب تھا۔ پولیس پچھلے کچھ سالوں سے اس کی تلاش کر رہی تھی۔ یہ پتہ لگنے کے بعد کہ وہ تھینی میں چھپا ہوا ہے، پولیس کی ایک خصوصی ٹیم وہاں گئی اور اسے گرفتار کر کے چنئی لے آئی۔ آج صبح پوچھ گچھ کے لیے پولیس اسٹیشن لے جانے کے دوران اس نے پولیس ٹیم پر حملہ کیا اور فرار ہونے کی کوشش کی۔
اس کے بعد پولیس نے اپنے دفاع میں گولی چلائی جو اس کی ٹانگ لگی اور وہ زخمی ہوگیا۔ اسے علاج کے لیے گورنمنٹ کلپاک میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ مزید تفتیش جاری ہے۔