ہارون خان
اجمیر، راجستھان
جب بھی ہم ملک میں کسی بھی انفراسٹرکچر کی بات کرتے ہیں تو سب سے پہلے توجہ گاؤں کی طرف جاتی ہے۔ اس لیے مرکز سے لے کر تمام ریاستوں تک کی حکومتیں دیہی علاقوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے اپنے منصوبے تیار کرتی ہیں۔ اس معاملے میں تعلیم اور روزگار سب سے اہم موضوعات ہیں۔ جو نہ صرف گاؤں بلکہ ملک اور سماج کا مستقبل تیار کرتا ہے۔ تعلیم کے معاملے پر اسکول کی عمارتیں، لیبارٹری کی سہولیات، تمام مضامین کے لیے اساتذہ کی تقرری اور مڈڈے میل کی سہولیات کے ساتھ ساتھ گاؤں سے اسکول کا فاصلہ اور لڑکیوں کی اسکول تک آسان رسائی اہم پہلو ثابت ہوتے ہیں۔ یہ وہ اہم نکات ہیں جو طلباء کی اسکول میں حاضری اور تعلیم کی طرف ان کے جوش میں اضافہ کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ تعلیم کے بعد روزگار حاصل کرنا ایک چیلنج ہے جس سے دیہی نوجوان سب سے زیادہ جدوجہد کر رہے ہیں۔ راجستھان کا گاؤں دھووالیا ناڈا بھی اس کی ایک مثال ہے جہاں بچے تو تعلیم حاصل کر رہے ہیں لیکن نوجوان روزگار کی تلاش میں بھٹک رہے ہیں۔اس حوالے سے دسویں جماعت میں پڑھنے والی 15 سالہ نشا کا کہنا ہے کہ مجھے پڑھنا بہت پسند ہے۔ ہم گاؤں کی چار لڑکیاں ہیں جو اگلے سال دسویں جماعت کا امتحان دیں گی۔ تمام مضامین کے اساتذہ بھی ہمیں پڑھانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ حالانکہ ہائی اسکول گاؤں سے دو کلومیٹر دور ہے۔ جہاں ہمیں ہر روز جانا پڑتا ہے۔ لیکن راستہ بہت الگ تھلگ ہے، اس لیے بہت سے والدین اپنی بیٹیوں کو وہاں نہیں بھیجنا چاہتے۔ انہوں نے ہمارے والدین پربھی دباؤ ڈالا کہ وہ ہمیں اسکول نہ بھیجیں۔ لیکن اس کے باوجود ہم لڑکیاں اسکول جاتی ہیں۔ نشا کا کہنا ہے کہ تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ مستقبل میں ڈاکٹر بننا چاہتی ہیں۔ لیکن گھر کی مالی حالت کو دیکھتے ہوئے اسے اپنا خواب پورا ہوتا نظر نہیں آتا۔ اس کے باوجود تعلیم کے تئیں ان کے جوش میں کوئی کمی نہیں ہے۔
اس کے ساتھ پڑھنے والی ریکھا کا کہنا ہے کہ گاؤں میں لڑکوں اور لڑکیوں کی تعلیم میں کوئی امتیاز نہیں ہے۔ تاہم، ہم لڑکیوں کو اسکول جانے سے پہلے گھر کے تمام کام ختم کرنے ہوتے ہیں۔ لڑکوں کے ساتھ ایسی کوئی پابندی نہیں ہے۔ اس کے باوجود ہمیں خوشی ہے کہ ہمیں تعلیم حاصل کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ ریکھا کا خواب تعلیم حاصل کرنا اور ٹیچر بننا ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ میں اکثر گھر کا کام ختم کر کے اپنے چھوٹے بہن بھائیوں کو پڑھاتی ہوں۔45 سالہ اندرا، جو اپنے شوہر کے ساتھ خاندان کی کفالت کے لیے یومیہ اجرت پر کام کرتی ہے، کا کہنا ہے کہ اس نے آٹھویں جماعت تک تعلیم حاصل کی ہے جبکہ ان کے شوہر صرف پڑھے لکھے ہیں۔ تعلیم کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے وہ اپنے تینوں بچوں کو اعلیٰ تعلیم فراہم کرنا چاہتی ہیں۔ ان کی بڑی بیٹی شیکھا 12ویں کلاس کی طالبہ ہے، جبکہ بیٹے پون اور لکھی 9ویں اور 7ویں کلاس میں پڑھتے ہیں۔ اندرا کا کہنا ہے کہ آج کے دورمیں صرف تعلیم ہی ترقی کا باعث بن سکتی ہے۔ اس لیے وہ اپنے بچوں کو بہت کچھ سکھانا چاہتی ہے۔ لیکن اعلیٰ تعلیم کے لیے زیادہ رقم درکار ہوتی ہے۔ جو یومیہ مزدوری کرنے والے خاندان کے لیے ممکن نہیں ہو گا۔ اگر بچوں کو اسکالر شپ مل جائے تو وہ انہیں مزید تعلیم کے لیے شہر بھیجے گی۔ وہ کہتی ہیں کہ اب گاؤں میں لڑکیوں کی تعلیم کی طرف والدین کا جھکاؤ بڑھ گیا ہے لیکن اکثر گھرانوں کی لڑکیاں 12ویں سے آگے تعلیم حاصل نہیں کر پاتی ہیں کیونکہ اس کے لیے انہیں اجمیر شہر جانا پڑتا ہے۔ جہاں والدین انہیں اکیلے بھیجنے کو تیار نہیں ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ بہت جلد والدین کی یہ سوچ بھی بدل جائے گی اور لڑکیاں شہر جا کر کالج میں تعلیم حاصل کر سکیں گی لیکن اس کے لیے خرچ ہونے والی رقم ان کے لیے بہت زیادہ مشکل ثابت ہوگی۔
گاؤں کے 50 سالہ بھنور سنگھ کا کہنا ہے کہ پہلے کے مقابلے دھووالیہ ناڈا گاؤں کے والدین میں تعلیم کی طرف جھکاؤ بڑھ گیا ہے۔ وہ اپنے بچوں کو پڑھانا چاہتے ہیں۔ گاؤں میں 3 سے 18 سال کی عمر کے 150 سے زیادہ بچے ہیں۔ جو آنگن واڑی سے ہائی اسکول تک تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ تاہم لڑکوں کے مقابلے میں لڑکیوں کو پڑھانے کے معاملے میں لوگ اب بھی تنگ نظر سوچ رکھتے ہیں۔ لیکن لڑکیوں نے دسویں اور بارہویں جماعت میں اچھے نمبر حاصل کر کے بہت سے والدین کو اپنی سوچ بدلنے پر مجبور کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی تین پوتیاں بھی اسکول اور کالج جاتی ہیں۔ تاہم کالج کے لیے اسے اجمیر شہر جانا پڑتا ہے۔ گاؤں کے معاشی طور پر کمزور خاندانوں کی لڑکیوں کے لیے وہاں تک رسائی اب بھی ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ اگر دھووالیہ ناڈا گاؤں کے قریب کالج کھولا جائے تو شاید حالات بدل جائیں۔ بھنور سنگھ کہتے ہیں کہ گاؤں کے نوجوانوں کے لیے تعلیم کے بعد روزگار ایک بڑا چیلنج ہے۔ زیادہ تر نوجوان کالج میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد بھی معقول ملازمتیں حاصل نہیں کر پاتے ہیں۔ خاندان کی مالی حالت کمزور ہونے کی وجہ سے وہ ایم بی اے یا ایم سی اے جیسے پروفیشنل کورسز میں داخلہ نہیں لے پا رہے ہیں۔ وہیں دوسری جانب، جنرل کورسز مکمل کرنے کے بعد، وہ کوئی ملازمت حاصل کرنے کے قابل نہیں ہیں۔سماجی اور اقتصادی طور پر پسماندہ دھووالیہ ناڈا راجستھان کے اجمیر ضلع سے 15 کلومیٹر دور واقع ہے۔ یہ رسول پورہ پنچایت کا ایک چھوٹا سا گاؤں ہے۔ جس میں تقریباً 100 گھر ہیں۔ جن کی کل آبادی 650 کے قریب ہے۔جہاں شیڈولڈ ٹرائب بھیل اور ریگر برادریوں کی اکثریت ہے۔ گاؤں کے زیادہ تر مرد ماربل فیکٹریوں میں مزدور کے طور پر کام کرتے ہیں۔ کچھ کھیتی باڑی میں روزانہ مزدوری کرتے ہیں اور کچھ گھر کی تعمیر میں۔ کچھ مرد روزانہ اجمیر شہر جاتے ہیں ٹیلرنگ کا کام کرتے ہیں اور کچھ پینٹنگ کے لیے۔
گاؤں کے شروع میں کچھ گھر مسلم خاندانوں کے بھی ہیں۔ جن میں سے اکثر کی جنرل اسٹورز اور دیگر ضروری سامان کی دکانیں ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بعض گھروں کے نوجوان سڑک کے کنارے کاریں اور موٹر سائیکلیں ٹھیک کرکے روزی کما رہے ہیں۔ مویشی پالنا اس گاؤں کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ گاؤں والوں کی آمدنی کا بڑا حصہ اسی سے آتا ہے۔ تقریباً ہر خاندان گائے، بھینس یا بکریاں پالتا ہے۔ اس سے تیار ہونے والا دودھ سرس ڈیری میں فروخت ہوتا ہے۔ گاؤں کی خواتین کی بڑی تعداد اس کام میں شامل ہے۔ وہیں یہاں کی نوجوان نسل اپنی تعلیم کے مطابق روزگار کی تلاش میں جدوجہد کر رہا ہے۔لیکن اسے ابھی تک کامیابی حاصل نہیں ہو رہی ہے۔اس حوالے سے 22 سالہ زینب کا کہنا ہے کہ اس نے بی اے پاس کیا ہے اور وہ کوئی نوکری کرکے خاندان کی مالی مدد کرنا چاہتی ہے۔ لیکن ملازمت صرف عام گریجویشن کی سطح پر کہیں بھی دستیاب نہیں ہے۔ وہ گزشتہ کئی مہینوں سے پرائیویٹ نوکری کی تلاش میں بھی تھی۔ لیکن اب تک انہیں کامیابی نہیں ملی۔ وہ بتاتی ہیں کہ اس کی بہن آٹھویں پاس ہے۔ شوہر کے انتقال کے بعد وہ اپنے بچوں کی کفالت کے لیے نوکری کرنا چاہتی ہیں لیکن آج تک ایسا ممکن نہیں ہو سکا۔بیداری کی کمی اور دیگر کوتاہیوں کی وجہ سے وہ نہ تو حکومت کی طرف سے چلائی جانے والی کسی اسکیم سے واقف ہیں اور نہ ہی اسے حاصل کرنے کے طریقہ کار سے واقف ہیں۔ زینب کا کہنا ہے کہ اس نے پی ایم جن دھن یوجنا اور سواندھی یوجنا کا نام صرف اشتہارات میں سنا ہے۔ اس کو حاصل کرنے کے عمل سے وہ واقف نہیں ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ اگر لڑکیوں کو گاؤں میں رہ کر سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعے روزگار مل جائے تو وہ نہ صرف مضبوط اور خود انحصار بن سکتی ہیں بلکہ خاندان کی مالی مدد میں بھیاپنا اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
ہمارے ملک میں حکومت دیہی علاقوں کی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے بہت سی فائدے مند اسکیمیں چلاتی ہے، ان میں روزگار سے متعلق کئی اسکیمیں ہیں۔ لیکن اکثر دیکھا گیا ہے کہ گاؤں کے لوگ ان فلاحی اسکیموں سے زیادہ فائدہ نہیں اٹھا پاتے ہیں۔ اس کی ایک وجہ جہاں متعلقہ محکمے کی جانب سے نچلی سطح پر ان اسکیموں کی تشہیر کا نہ ہونا ہے تو دوسری طرف دیہاتیوں کا اس حوالے سے پوری طرح آگاہی نہ ہونا بھی ایک بڑی وجہ ہے۔ لیکن دیہی علاقوں کے لوگ جو سرکاری اسکیموں سے واقف ہیں، وہ اس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہیں اور اپنے اندر تبدیلی لانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس میں تعلیم کے کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ جو آگاہی کا ایک بڑا ذریعہ بنتا ہے۔ دھیرے دھیرے ہی سحی، لیکن یقینی طور پر جیسے جیسے دھوالیہ ندا میں تعلیم کا رجحان بڑھے گا، روزگار کا چیلنج بھی حل ہو جائے گا کیونکہ تعلیم اور روزگار ایک دوسرے کے تکمیلی ہیں۔ (چرخہ فیچرس)