سری نگر، 11 اگست (یو این آئی) فوجی سربراہ جنرل اوپیندرا دویدی نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں انکائونٹر کے دوران جاں بحق ہونے والے دو فوجی جوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
بتادیں کہ ہفتے کو جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے اہلن گگار منڈو کوکر ناگ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین تصادم میں دو فوجی جوان جاں بحق ہوئے۔
فوج کے ایڈییشنل ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پبلک انفارمیشن نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘فوجی سربراہ جنرل اوپیندرا دویدی اور فوج کے تمام افسر حوالدار دیپک کمار یادو اور لانس نائیک پروین شرما کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں دوران ڈیوٹی اپنی زندگیاں نچھاور کیں’۔انہوں نے کہا کہ فوج غمزدہ خاندانوں کے ساتھ گہرے تعزیت کا اظہار کرتی ہے اور مصیبت کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔