پیرس، 8 اگست (یو این آئی) ہندوستانی پہلوان انتم پنگھل اور ان کے معاون عملے کو نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر پیرس چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔
انتم پر اپنا سرکاری شناختی کارڈ اپنی چھوٹی بہن کو دینے کا الزام ہے، جنہیں سیکیورٹی اہلکاروں نے گیمز ولیج سےباہر نکلتے ہوئے پکڑ لیا تھا۔ جس کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے کارروائی کی اور ان کی پیرس اولمپک ولیج کی پہچان منسوخ کر دی گئی۔
اس کے بعد انتم کی بہن کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے مقامی تھانے لے جایا گیا۔
ہندوستانی اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فرانسیسی افسران کے ذریعہ ان کے نوٹس میں لایا گیا یہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی کا معاملہ ہے۔ جس کے بعد پہلوان انتم اور ا ن کے معاون عملے کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔