جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن نے صاف ستھرے اور سرسبز ماحول کے لیے اجتماعی ذمہ داری کا مطالبہ کیا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جاری سوچھتا پکھواڑہ پہل کے ایک حصے کے طور پر، محکمہ اطلاعات اور تعلقات عامہ (ڈی آئی پی آر ) نے جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن اتل گپتا کی سرپرستی میں ایک صفائی اور شجرکاری مہم کا انعقاد کیا۔اس تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن انکش ہنس، ایڈمنسٹریٹو آفیسر رینو شرما، فیلڈ پبلسٹی آفیسر مکیش کمار، انفارمیشن آفیسر آشو کماری، سچن بالی، کلچر آفیسر نثار احمد خان، یوتھ انفارمیشن آفیسر مونیکا سمیال اورعملہ کی پرجوش شرکت دیکھی گئی۔ اس موقع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے جوائنٹ ڈائریکٹر نے پائیداری کی اہمیت اور ماحول دوست متبادل کو اپنانے پر زور دیا۔
وہیںجوائنٹ ڈائرکٹر نے ’ایک پیڑ ماں کے نام‘ اور’ایک پیڑ شہیدوں کے نام‘ مہم کے تحت پودے لگائے اور لوگوں سے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے اور سوچھتا پکھواڑہ پہل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ درخت ہماری زندگی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ماحول کو صاف ستھرا، سرسبز اور صحت مند بنائیں۔اس موقع پراتل گپتا نے زور دے کر کہا کہ درخت لگا کر ہم نہ صرف سرسبز ماحول میں حصہ ڈال رہے ہیں بلکہ اپنے شہیدوں اور ماؤں کو خراج عقیدت بھی پیش کر رہے ہیں۔