جونپور:06اگست(یواین آئی) انسداد بدعنوانی ٹیم وارانسی نے منگل کو ضلع جونپور میں تیزی بازار تھانہ کے سب انسپکٹر حیدر علی کو 10 ہزار روپئے رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے۔
آفیشیل ذرائع نے بتایا کہ علاقے کے بریار گاؤں باشندہ آشوتوش یادو نے انسداد بدعنوانی ٹیم وارانسی کو اطلاع دی کی وہ تیز ی بازار تھانے پر تعینات سب انسپکٹر حیدر علی کو اپنی جے سی بی چھڑانے کے لئے 10 ہزار روپئے رشوت دے گا۔ اس اطلاع پر انسداد بدعنوانی ٹیم وارانسی سے انسپکٹر نیرج سنگھ کی قیادت میں ٹیم تیزی بازار تھانہ علاقے میں آئی اور آشوتوش یادو کے ذریعہ سب انسپکٹر حیدر علی کو 10 ہزار روپئے دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ہے۔
گرفتار کرنے کے بعد ٹیم کے ذریعہ سب انسپکٹر کو بدلا پور تھانے پر لایا گیا جہاں پر مقدمہ درج کرا کر اسے وارانسی لایا گیا۔ انسداد بدعنوانی ٹیم بدھ کو پکڑے گئے سب انسپکٹر کو انسداد بدعنوانی کورٹ کے سامنے وارانسی میں پیش کرے گی۔
قابل ذکر ہے کہ آج سے تین سال پہلے یہی سب انسپکٹر ضلع کے سریری تھانے پر تعینات رہا اور وہاں پر بھی مقدے میں چارج شیٹ لگانے کا نام پر 10 ہزار روپئے لیتے گرفتار ہوئے تھے اور کافی دنوں تک جیل میں رہے۔ جیل سے چھوٹنے کے بعد انہیں تیزی بازار تھانے پر تعینات کردیا گیا جہاں یہ دوبارہ پکڑے گئے۔