یواین آئی
سری نگر؍؍جنوبی ضلع اننت ناگ میں سیکورٹی فورسز نے تین ملی ٹینٹ معاونین کو اسلحہ و گولہ بارود سمیت دھر دبوچا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ فسٹ آر آر ، 90بٹالین سی آر پی ایف اور اننت ناگ پولیس نے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران تین ملی ٹینٹ معاونین جن کی شناخت داود احمد ڈار ولد نذیر احمد ڈار ، امتیاز احمد ریشی ولد غلام احمد ریشی اور شاہد احمد ڈار ولد غلام محمد ڈار ساکنان حسن پورہ تویلہ کے بطور ہوئی ہے کی گرفتاری عمل میں لائی۔
انہوں نے کہاکہ گرفتار شدگان کے قبضے سے ایک پستول ، ایک پستول میگزین، آٹھ گولیوں کے راونڈ، ایک گرینیڈ اور آئی ای ڈی برآمد ہوئی ہے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ ملی ٹینٹ معاونین سے برآمد شدہ اسلحہ و گولہ بارود سے یہ باور ہو رہا ہے کہ مذکورہ افراد ضلع میں حالات کو خراب کرنے کی فراق میں تھے۔پولیس نے معاملے کی نسبت یو اے پی اے کی مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔