سری نگر، 2 اگست (یو این آئی) شری امرناتھ جی یاترا کا سلسلہ انتہائی تزک و احتشام سے جاری رہتے ہوئے جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے جمعہ کی صبح 12 سو سے زیادہ یاتریوں کا ایک اور قافلہ سخت سیکورٹی بندو بست کے بیچ کشمیر کے لئے روانہ ہوا۔
بتادیں کہ اس یاترا کے 33 دنوں کے دوران 4 ہزار 76 ہزار سے زیادہ یاتری کشمیر میں 3 ہزار 8 سو 80 فٹ کی اونچائی پر واقع پوتر گھپا کے درشن سے فیضاب ہوئے ہیں اور اس طرح سال گذشتہ کی یاترا کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔
سال گذشتہ کی یاترا جو 62 دنوں پر محیط تھی، کے دوران صرف ساڑھے چار لاکھ یاتریوں نے یاترا انجام دی تھی۔
بتادیں کہ سال گذشتہ شری امرناتھ جی یاترا 30 جون سے شروع ہو کر 31 اگست کو اختتام پذیر ہوئی تھی.
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بھگوتی نگر بیس کمیپ سے جمعہ کی صبح 1 ہزار 2 سو 21 یاتری 54 گاڑیوں میں جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں واقع ننون پہلگام اور وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں واقع بالتل بیس کیمپوں کے لئے روانہ ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ان یاتریوں میں سے 8 سو 26 یاتری ننون پہلگام جبکہ 3 سو 95 یاتری بالتل بیس کیمپوں کے لئے روانہ ہوئے۔
یاد رہے کہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 28 جون کی صبح 4 ہزار 6 سو 3 یاتریوں کے پہلے جتھے کو جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے کشمیر کے لئے روانہ کیا تھا۔
وادی میں انتظامیہ، سول سوسائٹی تنظمیوں، تجارتی یونیوں اور عام لوگوں نے یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ یاترا کو تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر انتطامات کئے گئے ہیں۔ جہاں یاتریوں کو تمام سہولیات و خدمات بہم پہنچانے کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں وہیں سیکورٹی کا بھی فقید المثال بند وبست کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یاترا روٹوں پر قریب 800 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں سیکورٹی فورسز کی 500 اضافی کمپنیاں تعینات کی گئیں ہیں۔ ہر کمپنی کم از کم ایک سو اہلکاروں پر مشتمل ہے۔
52 دنوں پر محیط یہ یاترا 19 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔