سری نگر، 29 جولائی (یو این آئی) جموں و کشمیر ہینڈی کیپڈ ایسو سی ایشن کے بینر تلے جسمانی طور معذور افراد نے پیر کے روز یہاں پریس کالونی میں جمع ہوکر اپنے کئی مطالبات کو لے کر احتجاج درج کیا۔
احتجاجی ‘ہماری مانگیں پوری کرو’ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔
اس موقع پر ایسو سی ایشن کے صدر عبدالرشید بٹ نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ‘جو حال ہی میں مرکزی بجٹ پاس کیا گیا اس میں جسمانی طور معذور افراد کو نظر انداز کیا گیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ حکومت اس پر نظر ثانی کرے’۔
انہوں نے کہا: ‘ہمارے کئی مطالبے ہیں جن کے لئے ہم گذشتوں کئی برسوں سے آواز اٹھا رہے ہیں لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ہمارے پنشن میں اضافہ ہونا چاہئے، ڈس ابلٹی ایکٹ 2016 پاس ہونا چاہئے اور ہمارے روز گار میں اضافہ کیا جانا چاہئے’۔
موصوف صدر نے کہا کہ پڑھے لکھے نوجوان بے روز گار ہیں ان کو کہیں روز گار نہیں مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا: ‘ہمارے جائز مطالبوں کو پورا کیا جانا چاہئے تاکہ ہم در در کی ٹھوکریں نہ کھا سکیں۔
ایک اور احتجاجی نے کہا: ‘حال ہی میں بجٹ پاس کیا گیا لیکن ہمارے تین ارکان پارلیمان میں سے کسی نے ہمارے متعلق بات نہیں کی’۔
انہوں نے کہا: ‘ہمیں ایک ہزار روپیہ پنشن ملتا ہے ہم امید کرتے تھے کہ اس میں اضافہ کیا جائے گا لیکن ایسا نہیں کیا گیا’۔
ان کا کہنا تھا: ‘بجلی کا ماہانہ بل ہمارے پنشن سے زیادہ آتا ہے’۔