نئی دہلی، 29 جولائی (یو این آئی) سپریم کورٹ نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی درخواست کو پیر کو مسترد کر دیا جس میں جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو مبینہ زمین گھپلے سے متعلق ایک منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت دینے کے جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کیا گیا تھا۔
جسٹس بی۔ آر گوائی اور جسٹس کے۔ وی وشواناتھن کی بنچ نے مرکزی تفتیشی ایجنسی ای ڈی کی عرضی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ بہت منطقی ہے۔
بنچ نے اپنے حکم میں کہاکہ ’’ہم ہائی کورٹ کے حکم میں مداخلت کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ "ہم واضح کرتے ہیں کہ ہائی کورٹ کے مشاہدات کا ٹرائل کورٹ کی سماعت (اس کیس) پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔”
ای ڈی نے ہائی کورٹ کے 28 جون کے ضمانتی حکم کی صداقت پر سوال اٹھاتے ہوئے سپریم کورٹ میں اپیل کی تھی۔
ای ڈی کی درخواست میں یہ استدلال کیا گیا تھا کہ مسٹر سورین کو ضمانت دینے کا ہائی کورٹ کا حکم ‘غیر قانونی’ تھا اور ہائی کورٹ نے یہ مشاہدہ کرنے میں غلطی کی تھی کہ ان (وزیر اعلیٰ) کے خلاف پہلی نظر میں کوئی مقدمہ نہیں بنایا گیا تھا۔
جسٹس رونگون مکوپادھیائے پر مشتمل ہائی کورٹ کی سنگل بنچ نے متعلقہ فریقین کے دلائل کو تفصیل سے سننے کے بعد ضمانت کا حکم جاری کیا تھا۔
ای ڈی نے مسٹر سورین کو 31 جنوری کو گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد انہیں مرکزی تفتیشی ایجنسی کی تحویل میں جیل اور پھر دوبارہ عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا تھا۔
جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے رہنما، جنہوں نے اپنی گرفتاری کے فوراً بعد استعفیٰ دے دیا تھا، نے حال ہی میں ہائی کورٹ کے ضمانت کے حکم کے بعد ریاست کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا ہے۔