سرینگر؍؍وادی میں صورتحال میں بہتری آنے کا دعویٰ کرتے ہوئے بی جے پی کے مرکزی جنرل سیکریٹری رام مادھو نے سوالیہ انداز میں کہا کہ جو لوگ دعویٰ کرتے تھے کہ دفعہ370کی تنسیخ کے بعدجموں کشمیر میں خون کی ندیاں بہیں گی،آج کی صورتحال ان کیلئے جواب ہے۔بلاک ترقیاتی کونسلوں کے انتخابات سے قبل وادی کے دورے پر آئے بھاجپا کے سنیئر لیڈر اور مرکزی جنرل سیکریٹری رام مادھونے اتوار کو شہر کے بنکٹ ہال میں بی جے پی کی یوتھ ونگ کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاک ڈیولپمنٹ انتخابات کے دوران بغیر مقابلہ کامیاب ہوئے نو منتخب چیئرمینوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہتے تھے کہ جموں کشمیر میں دفعہ370کی منسوخی سے خون کی ندیاں بہیں گی،وہ آج کی صورتحال کا اندازہ کریں کہ ہر سو سکون اور پرامن ماحول ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں5اگست سے ایک بھی گولی نہیں چلائی گئی،جبکہ مجموعی طور پر لوگ دفعہ370کی منسوخی کے فیصلے سے خوش ہے۔رام مادھو نے بتایا ’’ مجھے شہر کے بٹہ مالو علاقے سے بنک ہال پہنچنے میں45منٹ لگے،اور اس قدر لوگ سڑکوں پر خوش ہے‘‘،جبکہ ٹریفک کی آمدرفت اور کاروباری سرگرمیاں رواں ہے‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ جن لیڈروں کو احتیاتی طور پر نظر بند رکھا گیا،لوگوں کا اصرار ہے کہ وہ نظر بند ہی رہنے چاہے،کیونکہ دہایوں تک ان لیڈروں نے لوگوں کا استحصال کیا۔بی جے پی کے قومی جنرل سیکریٹری نے اس موقعہ پر یقین دہانی کرائی کہ وزیر اعظم ہند کے نیا کشمیر کے خواب کو شرمندہ تعمیر کیا جائے گا۔اس موقعہ پر انہوں نے بلاک ترقیاتی کونسلوں میں شرکت کرنے والے بھاجپا امیدواروں سے ملاقات بھی کی،جبکہ بلا مقابلہ کامیاب ہونے والے امیدوارون کو مبارکباد پیش کی۔ رام مادھو نے اس دوران کئی وفود سے بھی ملاقات کی،اور وادی کی موجودہ صورتحال کے علاوہ تعمیر و ترقی اور دیگر اموارات پر تبادلہ خیال کیا۔رام مادھو پیر کو واپس دہلی روانہ ہونگے۔ اس تقریب میں بی جے پی اور اسکی یوتھ ونگ سے وابستہ کئی لیڈراں بھی موجود تھے۔