اسلام آباد، 27 جولائی (یو این آئی) پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ کے ضلع جامشورو کے قریب گزشتہ روزایک بس اور ٹریلر کے درمیان ٹکرمیں کم از کم چار افراد ہلاک اور 10 دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ اطلاع ریسکیو سروس نے دی۔
اطلاعات کے مطابق حادثہ موٹروے ایم نائن پر مسافر بس اور ٹریلر میں تصادم کے نتیجے میں پیش آیا جس کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو سروس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے کے بعد امدادی کارکن موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو مقامی اسپتال لے گئے جہاں ایک اور مسافر دم توڑ گیا۔ حادثے میں بس کو بری طرح نقصان پہنچا۔
بتایا جا رہا ہے کہ بس سندھ کے دارالحکومت کراچی سے لاڑکانہ جا رہی تھی۔