نئی دہلی، 26 جولائی (یو این آئی) یوتھ کانگریس نے جمعہ کو بجٹ 2024-25 کو عوام مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں امتیازی سلوک ہے، عوامی بہبود اور نوجوانوں کے روزگار کا کوئی انتظام نہیں ہے اور صرف کرسی بچانے کی کوشش کی گئی ہے۔
مظاہرین کی قیادت کرتے ہوئے یوتھ کانگریس کے صدر سرینواس بیوی نے کہا کہ بجٹ وفاقی ڈھانچے کے خلاف ہے۔ اس میں کئی ریاستوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا گیا ہے اور عوام کو دھوکہ دیا گیا ہے۔
بجٹ کو مودی حکومت کا کرسی بچاؤ مہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ اتحادیوں کو خوش کرنے اور مخالفین سے بدلہ لینے کی کوشش ہے۔ 90 فیصد ریاستوں اور ملک کے زیادہ لوگوں کو بجٹ سے دور کر دیا گیا ہے۔ ملک کا بجٹ بی جے پی کے لیے اقتدار بچانے کے لیے نہیں ہو سکتا، بلکہ اسے ملک کے عوام کی بھلائی کے لیے ہونا چاہیے، لیکن مودی حکومت نے اسے صرف ‘اقتدار بچانے والا بجٹ’ بنا دیا ہے۔
یوتھ کانگریس کے قومی ترجمان ورون پانڈے نے بتایا کہ یوتھ کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری مسٹر سری نواس اور دہلی کے انچارج کوکو پادھی کی قیادت میں ہونے والے مظاہرے میں قومی جنرل سکریٹری منیش چودھری، قومی سکریٹری محمد شاہد، امیت پٹھانیا، ارونا مہاجن، راجستھان یوتھ کانگریس کے قومی ترجمان ابھیمنیو، ہریانہ یوتھ کانگریس کے ورکنگ صدر مایانک چودھری اور دیگر کئی یوتھ کانگریس کارکنوں نے شرکت کی۔