کپوارہ انکاؤنٹر: ایک ملی ٹنٹ ہلاک، ایک فوجی جوان جاں بحق، آپریشن جاری

0
0

ایل جی سنہا نے نائیک دلاور خان کو خراجِ عقیدت پیش کیا؛کہاان کی بہادری اور قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا
یواین آئی

سری نگر؍؍حکام کا کہنا ہے کہ سرحدی ضلع کپوارہ کے ترموکھن جنگلات میں انکائونٹر کے دوران ایک ملی ٹنٹ ہلاک اور ایک فوجی جوان جاں بحق ہوا ہے جبکہ آپریشن ہنوز جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس انکائونٹر کے دوران ایک نان کمشنڈ افسر (این سی او) شدید زخمی ہوا تھا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا۔
بتادیں کہ ترموکھن جنگلات میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان اس وقت انکائونٹر چھڑ گیا جب وہاں ملی ٹنٹوں کے چھپنے کی اطلاع ملنے کے بعد تلاشی آپریشن چل رہا تھا۔قبل ازیں فوج کی چنار کور نے بدھ کی صبح ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا: ‘دہشت گردوں کی موجودگی کے بارے میں مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر فوج اور جموں و کشمیر پولیس نے 23 اور 24 جولائی کو کپوارہ کے کوٹ وال علاقے میں مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کر دیا’۔
انہوں نے کہا کہ 24 جولائی کو مشتبہ نقل و حمل دیکھی گئی جس کو مستعد جوانوں نے چلینج کیا جس کے جواب میں دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کی۔پوسٹ میں کہا گیا کہ طرفین کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک این سی او زخمی ہوا۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں آپریشن ہنوز جاری ہے۔کپوارہ میں یہ جھڑپ اس وقت ہوئی جب جموں خطے میں ملی ٹنٹ حملوں میں اضافہ درج ہوا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی کے 20 جون کو تیسری بار زمام اقتدار سنھبالنے کے بعد جموں خطے میں ملی ٹنٹوں کے حملوں میں 11 سیکورٹی فورسز اہلکار اور 9 یاتری جاں بحق ہوئے ہیں۔
دریں اثناء لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کپواڑہ میں انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران اپنی جان قربان کرنے والے نائیک دلاور خان کو پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔’’میں اپنے بہادروں کی بے مثال ہمت کو سلام کرتا ہوں، جس نے قوم کے لیے عظیم قربانی دی۔ ان کی بہادری اور قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ پوری قوم غم کی اس گھڑی میں شہید کے خاندان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے،‘‘ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا