تحریک بقائے اردو کی جانب سے طلعت پرویز روہیلہ کو رسا نشاط جانباز ایوارڈ سے نوازا جائے گا

0
85

طلعت پرویز نے اپنی شعری حس اور ثقافتی جبلت سے جموں کشمیر کے تہذیبی، تمدنی اور ادبی معیار کو فروغ دینے میں اہم رول ادا کیا ہے
لازوال ڈیسک
جموں؍؍تحریک بقائے اْردو چناب چیپٹر، گورنمنٹ ڈگری کالج کشتواڑ اور گورنمنٹ ڈگری کالج چھاترو کے اشتراک سے 25 جون 2024 کو پروگرام ایک شخصیت سے ملاقات اور محفل غزل کے دوران کمشنر انکوائری جی اے ڈی محترم طلعت پرویز روہیلہ کو ان کی ادب نوازی کے حوالے سے گورنمنٹ ڈگری کالج کشتواڑ میں رسا نشاط جانباز ایوارڈ سے نوازے گی۔ یہ فیصلہ آج شام تحریک کے سر پرست اعلیٰ فاروق شاہ بخاری، صدر خطہ چناب ڈاکٹر طارق تمکین اورصدر عرفان عارف نے مشاورتی کمیٹی سے رابطہ کرنے کے بعدلیاہے۔
پریس بیان کے مطابق عرفان عارف نے بتایا کہ ریاست جموں و کشمیر میں اردو زبان و ادب اور ثقافت کو فروغ دینے میں جو ادباء ، شعراء اور فن کار کلیدی کردار ادا کرتے ہیں یا جو اپنی علمی اور ادبی جبلت کے ذریعے شعری اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں تحریک بقائے اْردو تنظیم ایسی ہر شخصیت کو گاہ بگائے اعزاز سے نوازتی ہے۔ جناب طلعت پرویز کا شمار بھی ایسے ہی چند بہترین شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی شعری حس اور ثقافتی جبلت سے جموں کشمیر کے تہذیبی، تمدنی اور ادبی معیار کو فروغ دینے میں اپنا ایک اہم رول ادا کیا ہے۔
اس کی بہترین مثال عالمی سطح کا مشاعرہ ” ایک شام کشمیر کے نام” ہے جو ملک کی تاریخ کا واحد ایسا مشاعرہ ثابت ہوا جس نے نہ صرف ریاستی ادب کے دھندلائے ہوئے افق سے برسوں کے جمود کو توڑا بلکہ ایک نئے پل کی داغ بیل ڈال کر ملک اور بیرون ملک کے ادبی دبستانوں کے درمیان ایک سازگار ماحول قائم کیا۔ علاوہ ازیں طلعت پرویز نے جموں کشمیر کی ثقافت اور تہذیب و تمدن کو فروغ دینے میں بھی اپنا ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ خاص کر جموں کشمیر کے صوفی اور علاقائی کلچر کے دبستان کو از سرنو سر گرم کر کے اس جمود کو توڑ ڈالا۔
طلعت پرویز نے جموں کشمیر میں سرکاری سطح پر جس بھی شعبہ میں کام کیا وہاں اپنی علمیت اور دانائی کے جھنڈے گاڑے ہیں۔ تحریک بقائے اردو اور ریاست کی دیگر ادبی تنظیمیں اس بات کا اعتراف کرتی ہیں کہ طلعت پرویز نے جموں کشمیر میں اردو زبان وادب اور علاقائی ثقافت کو فروغ دینے میں ایک سیکولر کردار ادا کیا ہے۔ اس لئے تحریک بقائے اردو محترم طلعت پرویز کو رسا نشاط جانباز ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ پروگرام ڈاکٹر طارق تمکین کی سربراہی میں ہو گا لہذا تمام اردو شائقین اور ادب نوازوں سے گزارش ہے کہ وہ کل صبح گیارہ بجے گورنمنٹ ڈگری کالج کشتواڑ پہنچ کر نہ صرف تقریب کی رونق بڑھائیں بلکہ اردو اسکالرز اور فنکاروں کی حوصلہ افزائی بھی فرمائیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا