وزیراعظم کی طرف سے کہی گئی باتوں پر عمل درآمد بھی ہونا چاہئے:نیشنل کانفرنس اراکین پارلیمان

0
0

کہااگر وزیرا عظم فاصلوں کو مٹانے کی بات کرتے ہیں تو اس پر عملدرآمد بھی ہونا چاہئے
لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍جموں و کشمیرنیشنل کانفرنس نے وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات، ریاستی درجہ کی بحالی اور فاصلوں کو مٹانے کی باتوں پر عملی طور کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کے عوام کو گذشتہ5برسوں سے محض زبانی جمع خرچ سے ہی بہلانے کی کوششیں کی جارہی ہیں اور تمام وعدے اور اعلانات محض جملے ثابت ہورہے ہیں۔پارٹی کے نومنتخب اراکین پارلیمان میاں الطاف احمد اور آغا سید روح اللہ مہدی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ جموں وکشمیر کے عوام کیساتھ گذشتہ5سال سے ناانصافی کا سلسلہ جاری رکھا گیا ہے اور اگر وزیرا عظم فاصلوں کو مٹانے کی بات کرتے ہیں تو اس پر عملدرآمد بھی ہونا چاہئے۔ گذشتہ برسوں کے دوران ’انسانیت، جمہوریت اور کشمیریت‘اور ’دلی کی دوری اور دلی کی دوری کو ختم کرنے‘ کی باتیں بھی کی گئیں تھی لیکن عملی طور پر کوئی اقدام نہیں اْٹھایا گیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی طرف سے جن پروجیکٹوں اور فنڈس کا اعلان کیا گیا ہے وہ سب ابہام سے پْر ہیں اور فنڈس کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔ عوام کو اْمید تھی کہ گریز، سنتھن، مغل روڑ، کرناہ اور دیگر ٹنلوں کے بارے میں کوئی اعلان کیا جائے گا جبکہ بے روزگار نوجوان کسی بڑے روزگار پیکیج کی آس لگائے بیٹھے تھے، لیکن سب مایوس ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ جہاں 14لاکھ سے زائد تعلیم یافتہ بے روزگار ہوں وہاں 2ہزار کے آڈر نکالنے سے کیا فرق پڑے گا؟انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کشمیری عوام اور یہاں کے ملازمین کو ہراساں کرنے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی ہے، یوگا ڈے منانے سے 2روز قبل ہی لوگوں کو خوف میں مبتلا کردیا گیاجبکہ تمام سرکاری ملازمین کے ساتھ ساتھ اسکولی بچوں کو مختلف مقامات پر رات کے اندھیرے میں حاضر ہونے کا حکم دیا گیا تھا۔یہاں تک کہ حاملہ خواتین ملازمین کو بھی نہیں بخشا گیا ہے۔ اور ملازمین کو دھمکی دی گئی کہ وہ اپنی ملازمت یا تقریب میں موجود ہونے میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں۔اراکین پارلیمان نے کہا کہ ایسی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہیں جن میں ملازمین کو وزیر اعظم کے لئے منعقدہ ایک تقریب میں ننگے پاوں چلنے پر مجبور دکھایا گیا ہے۔ یہ موجودہ انتظامیہ کا ملازمین کے تئیں سلوک کا بھرملا ثبوت پیش کررہا ہے۔ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ انتظامیہ ملازمین کے احترام اور بنیادی حقوق کو کس طرح روند رہی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ اس بات کا نوٹس لیکر اْن افسران کیخلاف فوری کارروائی کریں جو یہ غیر انسانی حکمنامے جاری کررہے ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا