حفاظتی انتظامات کے نام پر عام لوگوں کو شدید مشکلات و مصائب سے دوچار کیا جارہا ہے: منتظر محی الدین

0
206

کہا، ان ہی عام لوگوں نے حالیہ انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور جمہوریت پر اپنے غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍ اپنی پارٹی کے سٹیٹ سیکرٹری اور ترجمانِ اعلیٰ منتظر محی الدین نے کہا ہے کہ سیکورٹی ایجنسیوں نے وزیر اعظم کے وادی کے دورے سے قبل حفاظتی اقدامات کے نام پر عام لوگوں کو شدید مشکلات و مصائب سے دوچار کردیا ہے۔یہ بات انہوں نے آج سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے وزیر اعظم کے وادی کے دورے سے قبل حفاظتی انتظامات کی آڑ میں لوگوں کو مشکلات سے دوچار کرنے پر اپنی گہری تشویش اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا، ’’موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سیکورٹی ایجنسیوں نے وزیر اعظم کے دورہ کشمیر کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات کے نام پر لوگوں کو شدید مشکلات و مصائب سے دوچار کردیا ہے۔ اہم سڑکوں اور شاہراوں پر تلاشی کارروائیوں کے نتیجے میں ہر جگہ ٹریفک جامنگ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ جبکہ بعد اطلاعات میں یہ بتایا جارہا ہے کہ وزیر اعظم کے دورے کے موقعے پر حفظ ماتقدم کے طور پر بعض لوگوں کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ شہر اور مضافاتی علاقوں کو تقریباً چھاونیوں میں تبدیل کیا گیا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’ایک جانب کشمیری عوام نے حالیہ پارلیمانی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر شرکت کی اور جمہوریت پر اپنے غیر متزلز اعتماد کا اظہار کیا ہے، جبکہ دوسری جانب ان ہی لوگوں کو سیکورٹی انتظامات کے نام پر ہراساں اور پریشاں کیا جارہا ہے۔ ملک کے کسی بھی دوسرے حصے میں وزیر اعظم یا کسی اور اعلیٰ شخصیت کی ا?مد پر عام لوگوں کو اس قدر مصائب و مشکلات سے دوچار نہیں کیا جاتا ہے، جیسا کہ کشمیر میں کیا جاتا ہے۔‘‘اپنی پارٹی کے ترجمانِ اعلیٰ نے مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز نتن گڈکری کی زیرصدارت حالیہ جائزہ میٹنگ کے دوران ایجنڈے میں مغل روڈ ٹنل کا ذکر نہ ہونے پر بھی اپنی مایوسی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا، ’’ پہلے تو مرکزی وزیر کے دورے کو عین عید کے روز مقرر کیا گیا تھا، جو کہ مناسب نہیں تھا، ثانیاً وزیر موصوف کی زیر صدارت میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران مغل روڈ ٹنل کا کوئی ذکر نہیں ہوا۔ حالانکہ پیر پنجال کے دونوں اطراف کی آبادیوں کو اس ٹنل کی تعمیر کا بے صبری سے انتظار ہے۔ اپنی پارٹی وزیر موصوف کے اس اعلان کو سراہتی ہے کہ جموں و کشمیر میں چھترگل ٹنل پر جلد سے جلد کام شروع کیا جائے گا، تاہم مغل روڈ ٹنل یہاں کے لوگوں کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ لوگوں کو اس ٹنل کی تعمیر کا بے صبری سے انتظار ہے کیونکہ اس کے نتیجے میں وادی اور راجوری پونچھ کے لوگوں کا ہر موسم میں اور سال بھر زمینی رابطہ رہے گا۔‘‘

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا