ریاض، //سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے آج اعلان کیا کہ اس سال 1445 ہجری کے دوران حجاج کرام کی کل تعداد 18 لاکھ 33 ہزار 164 رہی ہے۔ ان میں سے 16 لاکھ 11 ہزار 310 عازمین حج دنیا بھر کے ملکوں سے حج کرنے تشریف لائے تھے۔ ملکی حجاج کرام کی تعداد 2 لاکھ 21 ہزار 854 رہی۔ ان ملکی حجاج میں سعودی شہری اور سعودی رہائشی دونوں طرح کے افراد شامل ہیں۔
العربیہ کے مطابق اتھارٹی نے رواں سال کے حج کے لیے اپنے اعدادوشمار کے نتائج میں عندیہ دیا ہے کہ اندرون و بیرون ملک مقیم عازمین حج کی مجموعی تعداد میں سے مرد عازمین حج کی تعداد 9 لاکھ 58 ہزار 137 رہی اور خواتین کی تعداد 8 لاکھ 75 ہزار 27 رہی۔
مملکت کے باہر سے آنے والے عازمین حج میں سے عرب ملکوں سے آنے والے عازمین کا تناسب 22.3 فیصد رہا۔ ایشیائی ممالک سے 63.3 فیصد، افریقی ملکوں سے 22.3 فیصد اور یورپی، شمالی و جنوبی امریکہ و آسٹریلیا سے آنے والے حجاج کرام کی تعداد 3.2 فیصد تھی۔
مملکت سے باہر سے آنے والے عازمین حج میں سے 15 لاکھ 46 ہزار345 ایئرپورٹس کے ذریعے پہنچے۔ 60 ہزار 251 حجاج کرام بری راستوں اور 4 ہزار 714 حجاج کرام بحری پورٹس سے سعودی عرب داخل ہوئے۔
جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے 1445 ہجری یا 2024 عیسوی کے حج سیزن کے لیے شماریاتی اعداد و شمار اور اشارے جاری کرتے ہوئے انتظامی ریکارڈ کے اعداد و شمار پر انحصار کیا ہے۔