راہگیر کو ٹکر مار کر ساحل شرما گاڑی سمیت جائے واردات سے فرار ہوئے تھے
راکیش چودھری
سانبہ؍؍سانبہ پولیس نے پولیس اسٹیشن وجئے پور ضلع سانبہ میں درج ایک ہٹ اینڈ رن کیس کو حل کرکے گاڑی کو ضبط کرلیا اور جرم کے ارتکاب کے بعد 48 گھنٹوں کے اندر ملزم ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔واضح رہے 08.06.2024 کو پولیس تھانہ وجئے پور کو معتبر ذرائع سے اطلاع ملی کہ ڈگر حویلی، رنجری روڈ وجئے پور کے قریب مورخہ 7اور8جون2024 کی درمیانی رات کو ایک نامعلوم گاڑی کے ذریعے ایک حادثہ پیش آیا ہے جس کو ایک نامعلوم ڈرائیور نے تیز رفتاری سے چلایا تھااور لاپرواہی سے ایک راہگیر یعنی راکیش کمار ولد بیلی رام ساکنہ رنجری وجے پور کو ٹکر مار دی۔وہیںحادثے کی وجہ سے راہگیر شدید زخمی ہو گیا اور اسے جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ حادثے کے بعد ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہو گیا۔
اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 80/2024وجئے پور میں درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔تاہم تحقیقات کے دوران، ایس ایچ او پی ایس وجئے پور کی سربراہی میں پولیس اسٹیشن وجئے پور کی ایک پولیس ٹیم نے سی سی ٹی وی فوٹیج کے تجزیہ کے ساتھ بڑی کوششوں کے بعد، حادثے کا شکار گاڑی کی شناخت سوئفٹ کار کی رجسٹریشن نمبر JK21B-7677 کے طور پر کی اور مذکورہ ڈرائیور کا سراغ لگانے میں کامیابی حاصل کی۔ اس ضمن میں ملزم ڈرائیور کی شناخت ساحل شرما ولد کلبھوشن شرما سکنہ وجئے پور ضلع سانبہ کے طور پر کی گئی ہے اور اس میں ملوث گاڑی کو بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔