عامر پیراولمپکس میں حصہ لینے والے کشمیر کے پہلے کھلاڑی ہیں
لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍سٹار فٹ بالرعامر احمد بٹ نے آج چیف سیکرٹری اَتل ڈولو سے ملاقات کی جو اگست کے آخر میں پیرس میں ہونے والے پیراولمپکس میںپسٹل شوٹنگ مقابلے میں حصہ لینے جارہے ہیں۔عامر پیراولمپکس میں حصہ لینے والے کشمیر کے پہلے کھلاڑی ہیں۔چیف سیکرٹری نے عامر کی منفرد صلاحیتوں اور لگن کی تعریف کرتے ہوئے اُنہیں آئندہ مقابلے میں کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔
اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ کھلاڑی ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا اور جموں و کشمیر کا نام روشن کرے گا۔دریں اثنا ٔ،جموں و کشمیر کے ایلیٹ فٹ بال کھلاڑیوں نے بھی چیف سیکرٹری سے ملاقات کی اور انہیں اس سیزن کے دوران اِنڈین سپر لیگ ، آئی لیگ اور اِنڈین نیشنل ٹیموں میں اَپنی کامیابیوں کے بارے میںبتایا۔
فٹ بالرز کے وفد میں اشفاق احمد، معراج الدین وڈو، دانش فاروق، محمد حماد، محیط شبیر، سجاد پرے، سہیل احمد اور ماجد یوسف شامل تھے۔چیف سیکرٹری نے ان کی شاندار کامیابیوں کو سراہتے ہوئے اُنہیں یقین دِلایا کہ مستقبل میں کھیلوں کے میدان میں ان کی تمام کوششوں میں حکومت کی جانب سے ان کی مدد کی جائے گی تاکہ وہ آئندہ قومی اور بین الاقوامی ٹورنامنٹوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔اِس موقعہ پر سیکرٹری اَمورنوجوان و کھیل کود سرمد حفیظ اور سیکرٹری جے اینڈ کے سپورٹس کونسل نزہت گل بھی موجود تھیں۔