کشمیر کی پانچ لوک سبھا سیٹوں کی ووٹ شماری کا عمل سخت سیکورٹی بندوبست کے بیچ جاری

0
0

سری نگر، // جموں وکشمیر کی پانچ لوک سبھا سیٹوں کی ووٹ شماری کا عمل سخت سیکورٹی بند وبست کے بیچ منگل کی صبح ٹھیک 8 بجے شروع ہوا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر کی پانچ سیٹوں کی ووٹ شماری کے لئے 9 کائونٹنگ سینٹر قائم کئے گئے ہیں جن میں سے کشمیری پنڈتوں کے ووٹوں کی گنتی کے لئے دلی میں ایک کائونٹنگ سینٹر قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونین ٹریٹری قائم تمام کائونٹنگ سینٹروں پر منگل کی صبح ٹھیک 8 بجے کیمروں کی نگرانی کے بیچ ووٹ شماری کا عمل شروع ہوا۔

انہوں نے کہا کہ کائونٹنگ سینٹروں کے گرد و پیش سیکورٹی کے کڑی انتظامات کئے گئے ہیں اور سینٹروں کے اندر بھی تمام تر سہولیات کا بھر پور بندوبست کیا گیا ہے۔

یو این آئی کے نامہ نگار نے بتایا کہ سری نگر لوک سبھا سیٹ کے لئے شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی) میں قائم کائونٹنگ سینٹر پر سخت سیکورٹی اور کیمروں کی نگرانی میں منگل کی صبح ٹھیک 8 بجے ووٹ شماری شروع ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ شماری کا عمل مقررہ گائیڈ لائنز کے عین مطابق شروع کیا گیا۔

وادی کشمیر میں اسی طرح بارہمولہ ڈگری کالج اور اننت ناگ ڈگری کالج میں بھی منگل کی صبح ٹھیک 8 بجے ووٹ شماری کا عمل شروع ہوا۔

قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر کی پانچ لوک سیٹوں پر قریب ایک سو امید وار قسمت آزمائی کر رہے ہیں جن میں دو سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ شامل ہیں۔

دیگر اہم امید واروں میں نیشنل کانفرنس کے میاں الطاف، آغا سید روح اللہ، پی ڈی پی کے وحید پرہ، بی جے پی کے ڈاکٹر جیتندر سنگھ، کانگریس کے رمن بھلہ، پیپلز کانفرنس کے سجاد غنی لون، تہاڑ جیل میں بند انجینئر رشید اور اپنی پارٹی کے ظفر اقبال منہاس قابل ذکر ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں وکشمیر کی پانچ لوک سبھا سیٹوں کے لئے مجموعی طور پر 58.46 فیصد پولنگ ریکارڈ ہوئی ہے جو گذشتہ 35 برسوں میں سب سے زیادہ ووٹنگ شرح ہے۔

وادی کشمیر کی تین لوک سبھا سیٹوں پر مجموعی طور پر 50.86 فیصد پولنگ ریکارڈ ہوئی ہے جو سال 2019 کی پولنگ سے 30 فیصد زیادہ ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا