جموں وکشمیر: ووٹوں کی گنتی کے لئے قائم کائونٹنگ سینٹروں پر تمام تر انتظامات مکمل

0
0

کل پانچ لوک سبھا سیٹوں کے ووٹوں کی گنتی کے لئے 9 کائونٹنگ سینٹر قائم کئے گئے
یواین آئی

سرینگر ؍؍جموں وکشمیر کی پانچ لوک سبھا سیٹوں کی 4 جون کو ہونے والی ووٹ شماری کے لئے قائم کئے گئے کائونٹنگ سینٹروں پر تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔بتادیں کہ 19 اپریل سے شروع ہونے والے سات مرحلوں پر محیط لوک سبھا انتخابات یکم جون کو اختتام پذیر ہوئے اور ووٹ شماری کا عمل 4 جون یعنی منگل کے روز انجام دیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر کی پانچ لوک سبھا سیٹوں کے ووٹوں کی گنتی کے لئے 9 کائونٹنگ سینٹر قائم کئے گئے ہیں جہاں 4 جون کی صبح 8 بجے سے ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ان سینٹروں پر جہاں سخت ترین سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں وہیں دیگر ضروری انتظامات کو بھی حتمی شکل دی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا جکہ یہ کائونٹنگ سینٹر ووٹوں کی گنتی کے لئے ہر لحاظ سے تیار ہیں۔سری نگر لوک سبھا سیٹ کے لئے شہرہ آفاق جھیل ڈل پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی) میں کائونٹنگ سینٹر قائم کیا گیا ہے۔
ریٹرننگ افیسر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین نے میڈیا کو بتایا کہ ایس کے آئی سی سی میں ووٹوں کی گنتی کے لئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کائونٹنگ کا عمل منگل کی صبح ٹھیک 8 بجے شروع ہوگا جس کے لئے زائد از 8 سو اہلکاروں پر مشتمل عملہ کام پر لگ جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ا کائونٹنگ سینٹر کے گرد و پیش تھری ٹائر سیکورٹی کا بند وبست کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امسال کائونٹنگ ایجنٹوں کو بھی ضروری تربیت فراہم کی گئی ہے۔بارہمولہ لوک سبھا سیٹ کے لئے ڈگری کالج بارہمولہ میں قائم کائونٹنگ سینٹر پر بھی سیکورٹی کا سخت بند وبست کیا گیا ہے۔ادھر ضلع مجسٹریٹ بارہمولہ نے ووٹوں کی گنتی کے پیش نظر نیشنل ہائی کے ساتھ خان پورہ سے سنگرامہ تک اور بارہمولہ میونسپل حدود کے اندر آنے والے تمام تعلیمی ادارے 4 جون کو بند رکھنے کا حکم جاری کیا ہے۔جموں لوک سبھا سیٹ کے لئے جموں کے ایم ایم کالج اور پالی ٹیکنیک کالج میں کائونٹنگ سینٹر قائم کئے گئے ہیں جہاں سیکورٹی کے ساتھ ساتھ دیگر ضروری انتظامات کئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سری نگر، بارہمولہ اور اننت ناگ – راجوری لوک سبھا سیٹوں کے لئے کشمیری پنڈت ووٹروں کے ووٹوں کی گنتی کے لئے دلی میں ایک کائونٹنگ سینٹر قائم کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے تمام کائونٹنگ سینٹروں کے لئے تھری ٹائر سیکورٹی بند وبست کیا گیا ہے تاکہ ووٹ شماری کا عمل بحسن و خوبی انجام دیا جا سکے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں وکشمیر کی پانچ لوک سبھا سیٹوں کے لئے مجموعی طور پر 58.46 فیصد پولنگ ریکارڈ ہوئی ہے جو گذشتہ 35 برسوں میں سب سے زیادہ ووٹنگ شرح ہے۔
وادی کشمیر کی تین لوک سبھا سیٹوں پر مجموعی طور پر 50.86 فیصد پولنگ ریکارڈ ہوئی ہے جو سال 2019 کی پولنگ سے 30 فیصد زیادہ ہے۔جموں وکشمیر کی پانچ لوک سیٹوں پر قریب ایک سو امید وار قسمت آزمائی کر رہے ہیں جن میں دو سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ شامل ہیں۔دیگر اہم امید واروں میں نیشنل کانفرنس کے میاں الطاف، آغا سید روح اللہ، پی ڈی پی کے وحید پرہ، بی جے پی کے ڈاکٹر جیتندر سنگھ، کانگریس کے رمن بھلہ، پیپلز کانفرنس کے سجاد غنی لون، تہاڑ جیل میں بند انجینئر رشید اور اپنی پارٹی کے ظفر اقبال منہاس قابل ذکر ہیں۔
بی جے پی نے کشمیر کی تین سیٹوں پر اپنا کوئی امید وار کھڑا نہیں کیا ہے۔سیاسی مبصرین کے مطابق کشمیر کی سیٹوں پر اصل مقابلہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کے درمیان ہی ہے۔واضح رہے کہ اگست 2019 میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد 2024 کے لوک سبھا انتخابات جموں و کشمیر میں ہونے والے پہلے بڑے انتخابات ہیں۔دریں اثنا چیف الیکشن کمشنر آف انڈیا راجیو کمار نے پیر کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کرانے کے لئے تیار ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا