انڈیا اتحاد کے رہنماؤں کی میٹنگ میں کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا
یواین آئی
نئی دہلی؍؍کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے نے دعویٰ کیا ہے کہ انڈیا اتحاد اس عام انتخابات میں کم از کم 295 لوک سبھا سیٹیں جیت رہا ہے۔مسٹر کھڑگے نے آج یہاں اپنی رہائش گاہ پر انڈیا اتحاد کے سرکردہ لیڈروں کی میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ اتحاد لیڈروں سے موصول ہونے والی معلومات اور اس کی بنیاد پر کیے گئے تخمینے سے یہ واضح ہوتا ہے کہ انڈیا اتحاد 295 سے زیادہ سیٹیں جیتنا یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا اتحاد اس سے زیادہ سیٹیں جیت رہا ہے لیکن وہ 295 سے کم سیٹیں نہیں جیت رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا اتحاد کے رہنماؤں کی تقریباً ڈھائی گھنٹے تک جاری رہنے والی میٹنگ میں کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس میٹنگ میں سب سے اہم مسئلہ جو زیر بحث آیا وہ یہ تھا کہ ووٹوں کی گنتی کے دن کیا حکمت عملی اپنائی جائے۔ اس حوالے سے تمام جماعتوں کے قائدین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔مسٹر کھڑگے نے کہا کہ میٹنگ میں یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ انتخابات کے دن کس طرح کی حکمت عملی اپنائی جائے ، اس پر اتحاد کے تمام لیڈروں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا اتحاد کی تمام پارٹیاں اپنے کارکنوں کو اس کے لیے تیار کر رہی ہیں۔
میٹنگ میں مسٹر کھڑگے، کانگریس کی سینئر لیڈر سونیا گاندھی، راہل گاندھی، کے سی وینوگوپال، پرینکا گاندھی واڈرا، سماج وادی پارٹی کے اکھلیش یادو، رام گوپال یادو، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے شرد پوار، جتیندر اوہاد، عام آدمی پارٹی کے اروند کیجریوال اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان، سنجے سنگھ، راگھو چڈھا، ڈی ایم کے کے ٹی آر بالو، آر جے ڈی کے تیجسوی یادو، سنجے یادو، جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے چمپئی سورین، مسز کلپنا سورین، نیشنل کانفرنس کے فاروق عبداللہ، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے ڈی راجا، مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے سیتارام یچوری، شیوسینا ادھو گروپ کے انل دیسائی، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (ایم ایل) کے دیپانکر بھٹاچاریہ اور وی آئی پی کے مکیش ساہنی نے شرکت کی۔