نئی ممبئی میں بشنوئی گینگ کے 4 شوٹر گرفتار
یواین آئی
ممبئی؍؍نوی ممبئی پولیس نے ہفتہ کو دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے قتل کی سازش کرنے والے لارنس بشنوئی گینگ کے چار ارکان کو گرفتار کیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ اس گینگ نے سلمان کو اس سال کے شروع میں مہاراشٹر کے پنویل میں ان کے فارم ہاؤس کے نزدیک ان کی کار روک کر AK-47 رائفلوں سے ان پر فائرنگ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
ملزمین کی شناخت دھننجے تپسنگھ عرف اجے کشیپ، گورو بھاٹیہ عرف ناہوی، وسپی خان عرف وسیم چکنا اور رضوان خان عرف جاوید خان کے طور پر کی گئی ہے۔ ملزمان کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آف پولیس وویک پنسارے نے کہا کہ چاروں افراد نے باندرا کے مغربی مضافاتی علاقے میں اداکار کے فارم ہاؤس اور اس کے گھر کی ریکی کی تھی، جہاں دو موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے اپریل میں فائرنگ بھی کی تھی۔
انہوں نے کہا، ’’اس ناکام منصوبے میں تقریباً 20-25 لوگ ملوث تھے۔ یہ چاروں افراد اپریل میں فائرنگ سے پہلے بھی پنویل کے مختلف مقامات پر ٹھہرے ہوئے تھے۔ اجے کشیپ سب کے ساتھ کوآرڈینیشن کر رہے تھے۔ اس کے پاس مبینہ سازش میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں کے بارے میں بھی معلومات تھیں۔ "انہوں نے فرار کے منصوبوں پر بھی بات چیت کی تھی۔”
دریں اثنا، پولیس نے گرفتار ملزمان کے موبائل فون سے ویڈیوز بھی برآمد کی ہیں، جن کے ذریعے انہیں سلمان خان پر اے کے 47 رائفلز اور دیگر ہتھیاروں سے حملہ کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔پوچھ گچھ کے دوران کشیپ نے انکشاف کیا کہ وہ مبینہ جرم کرنے کے لیے M-16، AK-47 اور AK-92 رائفلیں خریدنے کے لیے پاکستان میں ڈوگا نامی اسلحہ ڈیلر سے رابطے میں تھا۔
جب پاکستان کنکشن کے بارے میں پوچھا گیا تو مسٹر پنسارے نے کہا کہ ہم تحقیقات کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں کچھ اور لوگوں کی تلاش جاری ہے۔ 16 رکنی پولیس ٹیم اکتوبر 2023 سے اس کیس پر کام کر رہی ہے۔نوی ممبئی پولیس ذرائع نے بتایا کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ لارنس بشنوئی اور سمپت نہرا گینگ کے تقریباً 60 سے 70 کارندوں کو ممبئی، تھانے، پنے، نوی ممبئی، رائے گڑھ، گجرات سے سلمان خان کی شوٹنگ لوکیشن، گھر اور فارم ہاؤس کی ریکی رکنے کے لئے رکھا گیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ بالی ووڈ اداکار پر حملہ کرنے کے لیے نابالغوں کو استعمال کرنے کا منصوبہ تھا، جس کے بعد مجرموں نے کنیا کماری سے کشتی کے ذریعے سری لنکا فرار ہونے کا منصوبہ بنایا تھا۔